چودھری شجاعت حسین کی عیادت کا سلسلہ جاری، ہمارے والد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں: چودھری شافع حسین، سالک حسین

شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی ہدایت پر سارہ افضل اور عطا تارڑ کی آمد، وفاقی وزیر شفقت محمود، عبدالعلیم خان، اکرام گل اور نصیر احمد خان نے بھی عیادت کی

لاہور(13نومبر2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سروسز ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی صحت پہلے سے بہت بہتر ہے، ان کی عیادت کیلئے آنے والوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کے صاحبزادوں چودھری شافع حسین اور چودھری سالک حسین ایم این اے نے عیادت کیلئے آنے والوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے سب سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے والد محترم کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا کریں۔ جمعہ کو ن لیگ کی رہنما سارہ افضل تارڑ کے ہمراہ عطاء اللہ تارڑ نے ہسپتال میں چودھری شافع حسین اور سالک حسین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق وزراء اکرام گل اور نصیر احمد خان بھی موجود تھے۔ ن لیگی رہنماؤں نے کہا کہ وہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی ہدایت پر آئے ہیں جنہوں نے جیل سے عیادت کیلئے آنے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور صوبائی وزیر زراعت عبدالعلیم خان بھی ہسپتال میں چودھری شجاعت حسین کی عیادت کیلئے پہنچے۔ اس موقع پر پروفیسر خالد مسعود گوندل بھی موجود تھے۔

Share