ہفتہ شانِ رحمتہ للعالمینﷺ منانے کا بہترین طریقہ: تحفظ بنیاد اسلام بل کو فوری طور پر وزیراعلیٰ ہاؤس سے نکال کر گورنر کے پاس منظوری کیلئے بھیجا جائے: چودھری پرویزالٰہی

سیرت قرآن اکیڈمی کو بنانے کا اصل مقصد حضرت محمدﷺ کی شان اقدس اور اسوہ حسنہ کو اجاگر کرنا ہے، سیرت سکالرشپ دینے کا بہترین طریقہ یہ ہے جو بطور وزیراعلیٰ میں نے سیرت قرآن اکیڈمی سے جو کام کر کے شروع کیا تھا اس کو مکمل کرتے

شہبازشریف نے دس سال تک تالے لگائے رکھے، موجودہ حکومت کو بھی اڑھائی سال ہوگئے ابھی تک سیرت اکیڈمی میں کوئی خاطر خواہ کام نہ ہو سکا، پورا ربیع الاول کا مہینہ گزر گیا اور یہ اب ہفتہ شانِ مصطفیﷺ منا رہے ہیں

لاہور(18نومبر2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے ہفتہ شانِ رحمتہ للعالمینﷺ منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ تحفظ بنیاد اسلام بل کو فوری طور پر وزیراعلیٰ ہاؤس سے نکال کر گورنر کے پاس منظوری کیلئے بھیجا جائے کیونکہ خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کیلئے اس بل میں سزا بھی مقرر ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام سے ملاقات کے موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ دین کی خدمت اور شانِ رسولﷺ منانے کا اصل کام قانون کو پاس کرنے میں ہے، تحفظ بنیاد اسلام بل کے حق میں لاکھوں لوگوں نے جلوس بھی نکالے۔ انہوں نے کہا کہ پچاس کروڑ مالیت کے سیرت سکالرشپ دینے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ بطور وزیراعلیٰ میں نے سیرت قرآن اکیڈمی سے جوکام شروع کیے تھے اس کو مکمل کیا جاتا، سیرت اکیڈمی میں ایم فل اور سیرت رسولﷺ کی ریسرچ کلاسیں ہونی تھیں، ریسرچ سے پتہ چلنا تھا کہ خلفائے راشدین کا حکومت کرنے کا طریقہ کار کیا ہے اور اس سے آج کے حکمران کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، یہ سکالرشپ ایسے طلبہ کو دی جانی چاہئے، طلبہ کوئی اور مضمون پڑھیں گے تو ایسی سکالرشپ کا کیا فائدہ۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سیرت قرآن اکیڈمی کو بنانے کا اصل مقصد خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کی شان اقدس، اسوہ حسنہ اور سیرت النبیﷺ کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت قرآن اکیڈمی کو شہبازشریف نے دس سال تک تالے لگائے رکھے جبکہ اڑھائی سال موجودہ حکومت کو ہوگئے لیکن ابھی تک سیرت اکیڈمی میں کوئی کام نہ ہو سکا، سیرت اکیڈمی کا جامعہ الازہر اور اسلامک یونیورسٹی آف مدینہ سے الحاق ہونے جا رہا تھا وہ بھی نہیں ہوا، موجودہ حکومت نے ان ڈھائی سالوں میں سیرت اکیڈمی میں کون سا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ پورا گزر گیا اور یہ اب ہفتہ شان مصطفیﷺ منا رہے ہیں۔

Share