لاکھوں نوجوانوں کی زندگی کو خطرہ ہے، ایم ڈی کیٹ کا امتحان ملتوی کیا جائے: مونس الٰہی

تمام تعلیمی سرگرمیاں اور امتحانات معطل کرنے کے بعد کل کے ڈاکٹروں کو یہ امتحان دینے پر کیوں مجبور کیا جا رہا ہے

لاہور(25نومبر2020) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی ایم این اے نے کورونا کی دوسری زبردست لہر کے پیش نظر میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے امتحان کے انعقاد پر فوری نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے اور امید ظاہرکی ہے کہ حکومت اس امتحان میں شامل ہونے والے امیدواروں کے تحفظ کیلئے اسے فی الحال معطل کر دے گی۔ مونس الٰہی نے کہا کہ اب جبکہ حکومت نے کورونا کی وجہ سے تمام تعلیمی سرگرمیوں و امتحانات کو معطل اور تعلیمی اداروں کو بند کر دینے کا اعلان کیا ہے تو لاکھوں نوجوانوں کو 29 نومبر کو ایم ڈی کیٹ کا امتحان دینے پر کیوں مجبور کیا جا رہا ہے اس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل جو نوجوان ڈاکٹر بن کر دوسروں کی زندگی بچائیں گے آج ان کی زندگی کو کیوں خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔#

Share