سپیکر چودھری پرویزالٰہی سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی ملاقات

سلیم مانڈوی والا نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی، ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو

لاہور(یکم دسمبر2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ سلیم مانڈوی والا نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

____________

کروڑوں قیمتی جانیں کورونا کا شکار ہو چکیں، ملکی معیشت کو نقصان پہنچا، احتیاط ہی واحد حل ہے: چودھری پرویزالٰہی

ڈاکٹر اے آر خالد کی تصانیف قابل ستائش ہیں، آپ اپنے قلم اور افکار سے ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں، ظہرانے کے موقع پر ڈاکٹر راشد سراج بھی موجود تھے

لاہور(یکم دسمبر2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کے اعزاز میں معروف سکالر اور مصنف پروفیسر ڈاکٹر اے آر خالد نے ظہرانے کا اہتمام کیا جس میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، ڈاکٹر راشد سراج، مصطفی خالد اور نجیب عدنان بھی شریک تھے۔ ڈاکٹر اے آر خالد نے اپنی نئی تصانیف پر مشتمل مجموعہ چودھری پرویزالٰہی کو پیش کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے ڈاکٹر اے آر خالد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے قلم اور افکار کے ذریعے ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں، آپ کے تجزئیے وقت اور حالات کے مطابق ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کورونا کی دوسری لہر نے پوری دنیا میں ہلچل مچا رکھی ہے، کروڑوں قیمتی جانیں اس وبا کا شکار ہو چکی ہیں اور ملکی معیشت کو بھی اس سے بہت نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موذی وائرس کا مقابلہ صرف اور صرف احتیاط اور ایس او پیز پر عمل کر کے ہی کیا جا سکتا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ سب مل کر دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ پوری دنیا کو اس موذی مرض سے جلد نجات عطا فرمائے۔

Share