عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا: چودھری پرویزالٰہی

بطور وزیراعلیٰ آپ نے مثالی کام کیے، پنجاب اسمبلی آپ کی زیرصدارت احسن طریقے سے چل رہی ہے: غلام بی بی بھروانہ

سپیکر پنجاب اسمبلی سے رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ کی ملاقات، چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی، ملکی و سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو

لاہور(02دسمبر2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی، ملاقات میں موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال بھی کیاگیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبو دکیلئے مل کر کام کرنا ہو گا، کسانوں کو خوشحال کرنے کیلئے ان کے جائز مطالبات کو منظور کرنا ہو گا، تاجر اور کسان معیشت کو سنبھالا دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر غلام بی بی بھروانہ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی آپ کی زیر صدارت احسن طریقے سے چل رہی ہے، جتنی قانون سازی آپ نے کی ہے باقی اسمبلیوں میں اتنی نہیں ہوئی، بطور وزیراعلیٰ پنجاب آپ نے مثالی کام کیے، ریسکیو 1122، مفت ادویات کی فراہمی، مفت تعلیم و کتابوں کی فراہمی تاریخی منصوبے ہیں، کسانوں کو ساڑھے بارہ ایکڑ تک زرعی ٹیکس معاف کر کے آپ نے کسانوں کی مشکلات میں نمایاں کمی کی ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ آج بھی آپ کو سنہری حروف میں یاد کرتے ہیں۔

_____________________

چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی اور سالک حسین کا سینئر تجزیہ نگار و صحافی عبدالقادر حسن کے انتقال پر اظہار تعزیت

سپیکر چودھری پرویزالٰہی کا ان کے صاحبزادے اطہر حسن کو ٹیلیفون، مرحوم نہایت مخلص اور نفیس انسان تھے، ہمیشہ مظلوم کے حق میں آواز بلند کی، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے

لاہور(02دسمبر2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی اور سالک حسین نے سینئر تجزیہ نگار و صحافی عبدالقادر حسن کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے ان کے صاحبزادے اطہر حسن سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذمہ دار صحافی اور صحافی برادری کے ترجمان تھے، عبدالقادر حسن نہایت مخلص اور نفیس انسان تھے اور ہمیشہ مظلوم کے حق میں آواز بلند کی جس کی وجہ سے انہیں سماجی و صحافتی حلقوں میں قدر سے نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ مسلم لیگی قائدین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور آپ سب کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

Share