ماں سے بڑھ کر حسین ہستی دنیا میں اور کوئی نہیں، ہمیں ان کی وفات پر دلی دکھ ہوا ہے: چودھری پرویزالٰہی

سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی شہبازشریف سے ان کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت، مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی موجود تھے

وفد میں مونس الٰہی، حسین الٰہی، شافع حسین، کامل علی آغا اور محمد خان بھٹی شامل تھے

لاہور(03دسمبر2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیر قیادت پاکستان مسلم لیگ کے اعلیٰ سطحی وفد نے سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ وفد نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور ان کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔ پاکستان مسلم لیگ کے وفد میں ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، حسین الٰہی، چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے شافع حسین، سینیٹر کامل علی آغا اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی شامل تھے جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے شاہد خاقان عباسی، ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب، رانا تنویر، شیزا فاطمہ، عطاء اللہ تارڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ماں سے بڑھ کر حسین ہستی دنیا میں اور کوئی نہیں، ہمیں ان کی وفات پر دلی دکھ ہوا ہے، وہ ایک نیک اور وضعدار خاتون تھیں ہمیشہ ان سے مل کر شفقت اور دلی خوشی کا احساس ہوا۔

Share