دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے خانہ کعبہ سب سے مقدس ترین مقام ہے، خوش قسمت لوگ ہی اس گھر کی خدمت کرتے ہیں: چودھری پرویزالٰہی

سپیکر چودھری پرویزالٰہی اور طارق بشیر چیمہ سے خانہ کعبہ کے کلیدبردار کے ترجمان میاں عبدالرحمن کی ملاقات، چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی

کورونا کی وجہ سے اللہ کے گھر کا طواف بند ہونا بہت بڑا صدمہ تھا، ابھی بھی ایس او پیز کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے، دعا کریں ہم سب پر خانہ کعبہ کے دروازے پھر سے کھل جائیں: گفتگو

لاہور(07دسمبر2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ سے خانہ کعبہ کے کلید بردار ڈاکٹر صالح زین العابدین کے پاکستان میں ترجمان میاں عبدالرحمن نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، انہوں نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے خانہ کعبہ مقدس ترین مقام کی حیثیت کا حامل ہے، یہ ہماری عقیدتوں کا مرکز ہے، اللہ کے گھر کی خدمت سب سے زیادہ اہم فریضہ ہے جس کا اعزاز صرف خوش قسمت لوگوں کو ہی میسر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے خانہ کعبہ کا طواف بند ہو جانا یقینا پوری دنیا کے مسلمانوں کیلئے ایک بہت بڑا صدمہ تھا، ابھی بھی احتیاط اور مکمل ایس او پیز کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اللہ تعالیٰ سے دعا کرنی چاہئے کہ کورونا جیسی موذی وبا سے جلد نجات حاصل ہو اور ہم سب پر خانہ کعبہ کے دروازے ایک مرتبہ پھر سے کھل جائیں۔

Share