حافظ عمار یاسر کی کاوشوں سے سیمنٹ سیکٹر میں 300 ارب روپے کی سرمایہ کاری، محکمہ معدنیات نے آٹھ نئی فیکٹریوں کو لائسنس جاری کر دئیے

لاہور(09دسمبر2020) پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر کی خصوصی کاوشوں سے پنجاب میں سیمنٹ سیکٹر میں 300 ارب روپے کی بڑی سرمایہ کاری کیلئے محکمہ معدنیات نے آٹھ نئی کمپنیوں کو سیمنٹ فیکٹریاں لگانے کیلئے لائسنس جاری کر دئیے ہیں۔ صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے جیسے اپنے دورحکومت میں پنجاب کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا اسی طرح اب بھی پارٹی قیادت کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ ترقی کی جانب گامزن ہے، ایک سیمنٹ فیکٹری میں تقریباً 35 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوتی ہے، پچھلی حکومت کی سیمنٹ فیکٹریوں کے قیام پر لگائی گئی پابندی کو ختم کر دیا گیا ہے اور محکمے کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سرمایہ کاری کی خواہشمند مزید کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ جن کمپنیوں کو سیمنٹ فیکٹریاں لگانے کیلئے لائسنس جاری کیے گئے ان میں الکرم ٹیکسٹائل پرائیویٹ لمیٹڈ، بیسٹ وے، فاطمہ گروپ آف کمپنیز، پانیئر، ڈی ڈبلیو اور دیگر کمپنیاں شامل ہیں۔

Share