اٹھارویں ترمیم کے بعد فصلوں کی پیداواری قیمت مقرر کرنے میں صوبے بااختیا رہیں: چودھری پرویزالٰہی

ارکان پنجاب اسمبلی نے گندم کا ریٹ دو ہزار فی من مقرر کرنے کا ایشو سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کے سامنے اٹھا دیا

یوکرائن کے کسان نہیں صرف اپنے کسانوں کی ہی بہتری ہونی چاہئے، پنجاب کے کسان کا کیا قصور ہے، کسانوں کے ووٹوں سے ہی آپ کی حکومت بنی ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

کسانوں کی خوشحالی کیلئے گندم کی پیداواری قیمت دو ہزار روپے فی من مقرر کرنے کا معاملہ کابینہ میں اٹھایا جائے: سپیکر کی حکومت کو ہدایت

لاہور(22دسمبر2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت اسمبلی کا اجلاس تلاوتِ قرآن پاک اور نعت شریف سے شروع ہوا۔ وقفہ سوالات میں محکمہ آبپاشی سے متعلق سوالات کیے گئے۔ ارکان پنجاب اسمبلی نے گندم کا ریٹ دو ہزار فی من مقرر کرنے کا ایشو سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کے سامنے اٹھایا۔ ارکان پنجاب اسمبلی نے استفسار کیا کہ اسمبلی کی منظوری کے باوجودپنجاب حکومت گندم کا ریٹ دو ہزار روپے فی من مقرر کیوں نہیں کر رہی؟ جس پر سپیکر نے کہا کہ سندھ کے کسان کو گندم کا ریٹ دو ہزار روپے فی من مل رہا ہے، یوکرائن کے کسان نہیں صرف اپنے کسانوں کی ہی بہتری ہونی چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب کے کسان کا کیا قصور ہے، کسانوں کے ووٹوں سے ہی آپ کی حکومت بنی ہے، بجلی کے ریٹ کئی گنا بڑھ گئے ہیں، ہمارا کسان معاشی طور پر مسائل کا شکار ہے، کسانو ں کیلئے ہر چیز مشکل ہو رہی ہے، اسکی معاشی حالت بہت خراب ہے۔ سپیکر نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد فصلوں کی پیداواری قیمت مقرر کرنے میں صوبے بااختیا رہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے حکومت کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی خوشحالی کیلئے گندم کی پیداواری قیمت دو ہزار روپے فی من مقرر کرنے کا معاملہ کابینہ میں اٹھایا جائے جس پر وزیرقانون محمد بشارت راجہ نے سپیکر کو یقین دہانی کروائی کہ کسانوں کے مسائل اور بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے گندم کی قیمت مقرر کرنے کیلئے سپیشل کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ایوان کی متفقہ منظوری کو کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ بعد ازاں رکن اسمبلی طاہر خلیل سندھو نے نشاندہی کی کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو آپ کے دورِ حکومت میں تنخواہیں 10 دسمبر کو ہی دے دی جاتی تھی لیکن موجودہ حکومت نے دسمبر کی تنخواہ ابھی تک ریلیز نہیں کی جس پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے وزیر قانون محمد بشارت راجہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کرسچن کمیونٹی کے سرکاری ملازمین کو فوری طور پر تنخواہیں دی جائیں۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے لاہور کی صفائی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی صفائی کے نظام میں بہتری لائی جائے۔ وزیرقانون نے کہا کہ آپ کی آبزرویشن بالکل درست ہے، ترک کمپنی کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے پر نئی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کر لیا گیا ہے دو دن میں صفائی کے نظام میں بہتری نظرآئے گی۔ قبل ازیں سپیکرچودھری پرویزالٰہی نے ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری سے ان کے گھر جا کر ان کے دادا سردار شیر باز مزاری کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک بھی ان کے ہمراہ تھے۔

Share