کسانوں کے جائز مطالبات کو پورا کرنے کیلئے ہم نے ہر فورم پر آواز بلند کی، کسانوں کو خوشحال کرنا وقت کی ضرورت ہے: چودھری پرویزالٰہی

کورونا وبا ختم ہوتے ہی ضلع راولپنڈی کا دورہ اور ورکرز کنونشن سے خطاب کروں گا: زبیر احمد خان اور جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ راولپنڈی فیاض تبسم کی ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال اور تنظیم سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا

لاہور(23دسمبر2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے سپیکر چیمبر میں ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ راولپنڈی و پولیٹیکل کوآرڈی نیٹر سپیکر پنجاب اسمبلی زبیر احمد خان اور جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ راولپنڈی فیاض تبسم نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال اور مسلم لیگ راولپنڈی کی ضلع میں اب تک ہونے والی تنظیم سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لے گی اس سلسلہ میں عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والی شخصیات کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے جائز مطالبات کو پورا کرنے کیلئے ہم نے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے، کسانوں کو خوشحال کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے ضلعی تنظیم پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کی کارکردگی کو سراہا۔ ضلعی صدر زبیر احمد خان نے چودھری پرویزالٰہی کو دورۂ راولپنڈی کی دعوت دی جس پر انہوں نے کہا کے کورونا وائرس کی وبا ختم ہوتے ہی ضلع راولپنڈی کا دورہ کروں گا اور ورکرز کنونشن سے خطاب بھی کروں گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کارکنان ہماری جماعت کا قیمتی اثاثہ ہیں، دورے کے دوران نہ صرف کارکنوں سے ملاقات بھی کروں گا بلکہ ان کے جائز مطالبات بھی پورے کئے جائیں گے۔

_____________

سپیکر چودھری پرویزالٰہی اور وزیرقانون راجہ بشارت سے ڈیموکریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل کے وفد کی ملاقات

وفد میں جاوید احمد ملک، قریش خان اور سمعیہ یوسف شامل تھے، ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور عنایت اللہ لک بھی شریک تھے

ملاقات میں کورونا کے بعد کی صورتحال پر صوبائی اسمبلی کے کام کو جاری رکھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال، اسمبلی کے کردار کو مزید فعال بنانے کے عزم کا اظہار

لاہور(23دسمبر2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ سے ڈیموکریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل کے وفد نے کنٹری ہیڈ جاوید احمد ملک کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں قریش خان پراجیکٹ منیجر اور صوبائی کوآرڈی نیٹر سمعیہ یوسف جبکہ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی شریک تھے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے ڈیموکریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل کی کارکردگی کو سراہا۔ ملاقات میں کورونا کے بعد کی صورتحال پر صوبائی اسمبلی کے کام کو جاری رکھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ جاوید احمد ملک نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے رولز 1997ء میں ترامیم ایک تاریخی اقدام ہے جس کا سہرا سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو جاتا ہے۔ انہوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی اور وزیر قانون کی صوبائی اسمبلی کی کمیٹیوں کو مضبوط اور فعال بنانے کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ ڈیموکریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل کورونا کے بعد اسمبلی کو ریسرچ میں معاونت فراہم کرے گی۔ اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے اسمبلی کے کردار کو مزید فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

_____________

چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کا میاں محمد نواز کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار

سپیکر چودھری پرویزالٰہی کا سینئر مسلم لیگی رہنما میاں منیر کو ٹیلیفون، مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا

لاہور(23دسمبر2020) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما و سابق ایم این اے میاں محمد منیر کے بھائی میاں محمد نواز کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے میاں منیر کو فون کر کے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز کی وفات آپ اور تمام خاندان کیلئے ایک بڑا صدمہ ہے، اللہ تعالیٰ آپ سب کو حوصلہ اور صبر عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک سچے عاشق رسول تھے، اللہ تعالیٰ ان کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ مسلم لیگی قائدین نے دعا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور آپ سب خاندان والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

 

 

Share