قائداعظم کا دو قومی نظریہ آج درست ثابت ہوا ہے، بھارت کے مسلمانوں سے پوچھیں آج ان کا کیا حال ہے: چودھری پرویزالٰہی

بابائے قوم نے ہندوؤں کی ذہنیت بھانپتے ہوئے ہی پاکستان کی بنیاد رکھی، دین محمدیﷺ ہی تمام انسانیت کیلئے نظام حیات ہے اسی میں ریاست کی بنیاد اور ہر طبقہ کیلئے انصاف ہے

مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد، ہم سب ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں: یوم قائداعظم اور کرسمس کے موقع پر قوم کے نام پیغام

لاہور(25دسمبر2020) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے یوم قائداعظم اور کرسمس کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے دو قومی نظریہ ہندوؤں کی ذہنیت کو بھاپنتے ہوئے ہی دیا تھا اس وقت کسی کو سمجھ نہیں آ رہی تھی، اس میں کچھ وقت تو لگا لیکن آج دو قومی نظریہ ہی درست ثابت ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کے مسلمانوں سے پوچھیں ان کا کیا حال ہے وہاں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں ہندوؤں کے ظلم سے تنگ ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قائداعظم کا فرمان ہے کہ ہماری نجات کا راستہ صرف اور صرف ہمارے پیارے نبی خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کا اسوۂ حسنہ ہی ہے، بے شک دین محمدیﷺ ہی تمام انسانیت کیلئے نظام حیات ہے اسی میں ریاست کی بنیاد اور ہر طبقہ کیلئے انصاف ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کرسمس کے موقع پر تہنیتی پیغام میں کہا کہ ہم ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ سب کچھ خیریت سے ہو، پاکستان کے اندر تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا خیال رکھا، ان کیلئے پہلی مرتبہ الگ وزارت قائم کی، بجٹ میں ان کے چرچوں کی مرمت و بحالی کیلئے فنڈز رکھے اور کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دئیے۔

Share