کورونا کی وجہ سے ملکی معیشت کا برا حال ہے، تاجر معیشت کو سنبھالنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں: چودھری پرویزالٰہی

بطور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی جانب سے سیالکوٹ میں یونیورسٹی کیلئے 6 سو ایکڑ زمین خریدنے کے اقدام کو وزیراعظم عمران خان نے سراہا، یونیورسٹی کے قیام کا فوری فیصلہ کیا ہے: قیصر بریار

چودھری پرویزالٰہی کا مچھ میں ہزارہ برادری کے کان کنوں کی ہلاکت پر بھی افسوس کا اظہار، سپیکر پنجاب اسمبلی سے سیالکوٹ چیمبر کے صدر قیصر بریار اور چودھری سلیم بریار کی ملاقات، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے

لاہور(05جنوری2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر قیصر بریار اور سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ چودھری سلیم بریار نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ملکی معیشت کا برا حال ہے، تاجر برادری اس مشکل وقت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مچھ میں ہزارہ برادری کے کان کنوں کی ہلاکت پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے سینئر نائب صدر چودھری سلیم بریار کو سیالکوٹ میں تنظیم سازی کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں سونپیں اور مسلم لیگی کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اس لیے عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے کارکنوں کو بلدیاتی الیکشن کیلئے تیار کیا جائے۔ اس موقع پر قیصر بریار نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ سیالکوٹ کے موقع پر چیمبر کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا گیا، وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چودھری پرویزالٰہی نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب سیالکوٹ میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے 6 سو ایکڑ زمین خریدی تھی اس پر یونیورسٹی بنائی جائے، وزیراعظم عمران خان نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے فوری طور پر یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔

______________

سپیکر چودھری پرویزالٰہی سے نیشنل کالج آف آرٹس کے پرنسپل کی ملاقات

اسمبلی نئی بلڈنگ میں قائداعظم اور علامہ اقبال کے نئے پورٹریٹ لگائے جائیں گے: چودھری پرویزالٰہی

لاہور(05جنوری2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے نیشنل کالج آف آرٹس کے پرنسپل ڈاکٹر سید مرتضیٰ جعفری نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور سپیکر پنجاب اسمبلی کو ان کا خوبصورت پورٹریٹ پیش کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ تیاری کے قریب ہے لہٰذا اس میں بابائے قوم قائداعظم اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کے نئے پورٹریٹ لگائے جائیں گے۔

Share