یہ وقت حکومتیں گرانے یا بنانے کا نہیں عوامی و قومی ایشوز پر فوکس کرنے کا ہے: چودھری پرویزالٰہی

چھوٹی بڑی صنعتوں کے رکے ہوئے این او سی جاری کیے گئے تاکہ صنعت کا پہیہ چلتا رہے اور بیروزگاری میں کمی آئے، ورلڈ بینک نے تاریخ میں پہلی بار منصوبے مکمل کرنے کیلئے ایڈوانس فنڈز دئیے: سپیکر پنجاب اسمبلی سے صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات باؤرضوان کی ملاقات، کارکردگی رپورٹ پیش کی

عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہماری سیاست کا مقصد ہے: ملاقات کے موقع پر چودھری پرویزالٰہی کی گفتگو، بہتری کیلئے مزید ہدایات دیں

لاہور(06جنوری2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات باؤ رضوان نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنی وزارت سے متعلق کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے محکمے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں، یہ وقت حکومتیں گرانے یا بنانے کا نہیں عوامی و قومی ایشوز پر فوکس کرنے کا ہے، جمہوریت اور پارلیمنٹ کی گاڑی کو چلتے رہنا چاہئے، سیاسی قوتوں کے وقار میں اضافہ اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے عوامی مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کر کے ان کے مسائل حل کرنا ہی ہماری سیاست کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جب بھی موقع ملا عوامی خدمت کیلئے کام کیا آج بھی عوامی خدمت میں ہماری جماعت پیش پیش ہے۔ صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات باؤ رضوان نے محکمے کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک نے تاریخ میں پہلی بار ہماری کارکردگی سے متاثر ہو کر منصوبوں کیلئے ایڈوانس فنڈز جاری کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے ساتھ ہمارے جتنے بھی معاہدے ہوئے ہیں ان پر عملدرآمد پر شروع کر دیا گیا ہے، محکمے کی جانب سے آن لائن سہولت سے ہر شہری فائدہ اٹھا سکتا ہے، چھوٹی بڑی صنعتوں کے رکے ہوئے این او سی جاری کیے گئے تاکہ صنعت کا پہیہ چلتا رہے اور بیروزگاری میں کمی آئے، عوام کو بزنس میں آسانی اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کیلئے غیر ضروری شرائط کو بھی ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے ذریعے ماحول کو ٹھیک کرنے کیلئے عملدرآمد شروع کیا گیا جس پر لاہور میں 55 فیصد، پنجاب میں 90 فیصد اور اوور آل 95 فیصد عملدرآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بیٹری رولز 2020، پنجاب ہیزرڈیس سبسٹانس رولز 2020، اور ریویو آف ریگولیشن کی منظوری کیلئے سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے اس کے علاوہ تحفظ ماحولیات ایڈمنسٹریٹر پینلٹی اور مشاورت کی رجسٹریشن کیلئے گائیڈ لائنز کی منظوری کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سے مشاورت جاری ہے۔

Share