فوج غیر جانبدار ادارہ ہے سیاست میں ملوث نہ کیا جائے: چودھری پرویزالٰہی

ملک پر جب بھی کڑا وقت آیا پاک فوج اور اداروں نے اندرونی و بیرونی دہشت گردی، سیلاب، زلزلہ اور عوامی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پی پی 179 قصور سے آزاد امیدوار سیاسی و سماجی شخصیت رانا ممتاز علی کی ملاقات، پارٹی میں شمولیت کا اعلان

لاہور(13جنوری2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پی پی 179 قصور سے آزاد امیدوار سیاسی و سماجی شخصیت رانا ممتاز علی نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملک اس وقت اندرونی و بیرونی مشکلات کا شکار ہے، فوج غیرجانبدار ادارہ ہے اس کو سیاست میں ملوث نہ کیا جائے، پاک فوج اور انتظامی اداروں نے ہمیشہ غیرجانبدار رہتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کی ہے، ملک پر جب بھی کڑا وقت آیا پاک فوج اور اداروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، سیلاب، زلزلہ ہو یا اندرونی و بیرونی دہشت گردی ان سب کا پاک افواج نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، پاک فوج سمیت تمام اداروں نے پاکستان کی سلامتی کو اولین ترجیح دی ہے۔ اس موقع پر رانا ممتاز علی نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب ریسکیو سروس، مفت ادویات کی فراہمی، سکولوں میں فری کتابیں فراہم کیں یہ سب ایسے کام ہیں جو پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی کی سیاسی و سماجی خدمات سے متاثر ہو کر ہم نے اپنے طور پر قصور میں عوام کی خدمت کیلئے سوشل ویلفیئر کے ادارے قائم کیے ہیں جبکہ قصور میں چودھری پرویزالٰہی کا سپیشل بچوں کیلئے قائم کردہ ادارہ آج بھی کام کر رہا ہے۔

______________

چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کا دن میڈیا گروپ کے ایڈمنسٹریٹر ملک لیاقت علی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار

لاہور(13جنوری2021) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور ایم این اے مونس الٰہی نے دن میڈیا گروپ کے ایڈمنسٹریٹر ملک لیاقت علی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے ان کے اہل خانہ سے ٹیلیفون پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، مرحوم ملک لیاقت بڑے زندہ دل انسان تھے، بے شک ان کی جدائی کا غم بہت بڑا ہے، ہم سب دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور آپ سب کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

Share