ہمارے ساتھ جو وعدہ کیا گیا تھا ہر کام اس کے الٹ ہو رہا ہے، اقرباء پروری عروج پر ہے: خواجہ داؤد سلیمانی ایم پی اے

وزیراعلیٰ کو اقتدار میں آئے ڈھائی سال ہوگئے، امن و امان کی صورتحال ابتر ہے جو معاہدے سی ایم نے آپ کے روبرو کیے تھے آٹھ ماہ سے زائد ہو گئے کسی پر عملدرآمد نہیں ہوا

پہلے بھی سمجھایا تھا اب بھی سمجھانے کی کوشش کروں گا اور بھی بہت سے دوستوں کی شکایات ہیں: سپیکر چودھری پرویزالٰہی

لاہور(26جنوری2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی خواجہ محمد داؤد سلیمانی نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خواجہ داؤد سلیمانی نے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ہمارے آٹھ ماہ قبل اختلافات پیدا ہوئے تھے جس پر آپ نے ہمارے درمیان صلح کروائی تھی اور آپ نے ہی گارنٹی دی تھی، جو ہمارے درمیان طے ہوا تھا سب کچھ اس کے الٹ ہو رہا ہے، اس وقت کرپشن اور اقربا پروری عروج پر ہے، ڈکیتی، چوری کی وارداتیں پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہیں کوئی پرسان حال نہیں ہے، ڈی جی خان کی ساری انتظامیہ کسی کی بات نہیں سنتی، وزیراعلیٰ کو اقتدار میں آئے ڈھائی سال گزر چکے ہیں لیکن ہمارا معاملہ حل نہیں ہوا، 15 سے 20 ایم پی اے وزیراعلیٰ سے اختلاف رکھتے ہیں جو ہمارے ساتھ ہیں، سپیکر ہونے کے ناطے آپ کا فرض ہے کہ ہماری داد رسی کریں۔ خواجہ داؤد سلیمانی نے کہا کہ میں چودھری پرویزالٰہی صاحب کے پاس داد رسی اور ہمارے اور وزیراعلیٰ کے درمیان جس معاہدے کی آپ نے گارنٹی دی تھی اس کی یاد دہانی کیلئے آیا ہوں، آج مجبور ہو کر آپ کے پاس آنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جو بھی معاملات طے ہوں گے چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ ہوں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے اس ساری صورتحال پر کہا کہ میں نے پہلے بھی سمجھایا تھا اب بھی سمجھانے کی کوشش کروں گا، اکیلے آپ ہی نہیں اور بھی بہت سے دوستوں کی شکایات ہیں۔

____________________

اسمبلی کی زیر تعمیر بلڈنگ کو جلداز جلد مکمل کیا جائے: سپیکر چودھری پرویزالٰہی

تعمیراتی کام دو شفٹوں میں جاری رکھا جائے، اسمبلی ہال کے علاوہ ایم پی ایز ہاسٹل کی بھی جلد تکمیل جبکہ ملازمین کیلئے زیرتعمیر کوارٹرز میں بھی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے: سپیکر پنجاب اسمبلی کی تاکید

لاہور(26جنوری2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کی زیرتعمیر بلڈنگ کی پراگریس کے جائزہ کیلئے اعلیٰ سطحی اجلا س منعقد ہوا جس میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک، سیکرٹری کوآرڈی نیشن رائے ممتاز حسین بابر، سیکرٹری فنانس عبداللہ سنبل، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کیپٹن (ر) اسد اور نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) کے نمائندوں کے علاوہ تعمیراتی اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ اور این سی اے کے افسران نے سپیکر کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے تاکید کی کہ تعمیراتی کام دو شفٹوں میں جاری رکھا جائے اور اسمبلی کی زیر تعمیر بلڈنگ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، علاوہ ازیں ایم پی ایز ہاسٹل کو بھی جلد مکمل کریں اور اسمبلی ملازمین کیلئے زیرتعمیر کوارٹرز میں بھی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جس پر بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ، این سی اے، نیسپاک، پی ایچ اے اور تعمیراتی اداروں کے حکام نے سپیکر کو یقین دہانی کروائی کہ اسمبلی کی زیر تعمیر بلڈنگ اور ایم پی ایز ہاسٹل جلد مکمل کریں گے۔

Share