مقبوضہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر پاکستان کا ہے، مودی ظلم سے کشمیریوں کے جذبہ کو نہیں دبا سکتے: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حقیقت پسندانہ بات کی ہے، افواج پاکستان خطروں کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے

مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ہو گا، بھارت خطے کا امن خراب کرنے سے باز رہے: یوم یکجہتی کشمیر پر بیان

لاہور(04فروری2021) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر پاکستان کا ہے اور انشاء اللہ رہے گا، نریندر مودی جان لیں کہ وہ ظلم سے کشمیریوں کے جذبہ کو نہیں دبا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حقیقت پسندانہ بات کی ہے، آرمی چیف نے واضح پیغام دیا ہے کہ افواج پاکستان ہر خطرہ کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستانی قوم ایک بار پھر کشمیری عوام کے ساتھ تجدید عہد کرتی ہے، پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور بھارتی مظالم کی مذمت کرتی ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ہو گا، بھارت خطے کا امن خراب کرنے سے باز رہے اور عالمی برادری نریندر مودی کی امن کے خلاف سازشوں کا نوٹس لے۔

Share