پاکستان اور برطانیہ میں گہرے تاریخی روابط ہیں: مونس الٰہی

دونوں ممالک میں ڈیوٹی فری تجارت کے آغاز سے دو طرفہ تجارتی حجم دوگنا ہوسکتا ہے، پاکستان مسلم لیگ ملک کی معاشی و سماجی ترقی میں برطانوی کردار کی معترف ہے

مونس الٰہی سے برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندہ برائے پنجاب ایلکس بیلینجر کی ملاقات، جنال شاہ اور رضوان ممتاز علی بھی ملاقات میں موجود تھے

لاہور(09فروری2021) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما ایم این اے مونس الٰہی سے برطانوی ہائی کمیشن کے حال ہی میں پنجاب کیلئے تعینات کیے گئے نمائندہ ایلکس بیلینجر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں برطانوی ہائی کمیشن کے پنجاب کیلئے سابقہ نمائندہ جنال شاہ اور ایڈوائزر پاکستان مسلم لیگ رضوان ممتاز علی بھی موجود تھے۔ مونس الٰہی نے کہا کہ پاکستان اور برطانوی عوام میں گہرے تاریخی روابط ہیں، دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں فروغ کیلئے حالیہ برطانوی مراعات انتہائی خوش آئند ہیں، پاکستان مسلم لیگ ملک میں معاشی و سماجی ترقی اور جمہوریت کے فروغ میں برطانوی کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ مونس الٰہی نے ملاقات میں برطانوی حکومت اور عوام کی پاکستان کی سیاسی، سماجی اور معاشی ترقی میں متواتر دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ کی یورپ سے علیحدگی کے بعد پاکستان اور برطانیہ میں ڈیوٹی فری تجارت کے آغاز سے دو طرفہ تجارتی حجم جلد دوگنا ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندہ برائے پنجاب ایلکس بیلینجر نے پاکستان اوربرطانیہ کو بہترین دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں برطانیہ پاکستان میں سماجی ترقی کے علاوہ مختلف صنعتی اور تجارتی شعبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کی برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کے تعاون سے ماحولیات اور تعلیم پر تیار کی جانے والی پالیسیوں کو بھی سراہا۔ ایڈوائزر پاکستان مسلم لیگ رضوان ممتاز علی نے مارچ میں لاہور میں منعقد ہونے والی پاکستان مسلم لیگ پالیسی کانفرنس کے انعقاد کیلئے برطانوی ہائی کمیشن کے خصوصی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

Share