نئے ڈیمز کی تعمیر سے سستی بجلی اور آبپاشی کیلئے وافر پانی ملے گا: چودھری پرویزالٰہی

قائم مقام گورنر پنجاب سے ملاقات میں چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے بتایا کہ مہمند، داسو اور دیا میر بھاشا ڈیمز پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے

لاہور(12فروری2021) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے ملاقات کی اور انہیں واپڈا کے پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔ چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ پن بجلی کے بڑے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے، مہمند، داسو اور دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے جہاں لاکھوں ملین ایکڑ فٹ پانی محفوظ ہو گا وہاں ہزاروں میگاواٹ سستی بجلی بھی پیدا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ مہمند اور داسو 2025 جبکہ دیامیر بھاشا ڈیم 2028 تک پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے چیئرمین واپڈا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے ڈیمز کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل کر لی جائے گی جس سے لوگوں کو سستی بجلی اور آبپاشی کیلئے وافر پانی مل سکے گا۔ ملاقات میں سیکرٹری واپڈا فخر الزمان چیمہ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور جی ایم سکندر بھی موجود تھے۔

Share