حکومتی اتحادی ہونے کے ناطے عبدالحفیظ شیخ کو بھرپور سپورٹ کریں گے: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی

چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی اور طارق بشیر چیمہ سے سینیٹ کیلئے اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے امیدوار عبدالحفیظ شیخ کی ملاقات

چودھری شجاعت حسین منجھے ہوئے سیاستدان ہیں ان کی حمایت کی مجھے بہت ضرورت ہے،: عبدالحفیظ شیخ

لاہور(20فروری2021) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ سے سینیٹ کیلئے اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے امیدوار عبدالحفیظ شیخ نے وفد کے ہمراہ یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر اور چودھری ارشد شامل جبکہ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، چودھری صباحت الٰہی، ڈاکٹر ریاض تسلیم، چودھری جاوید چٹھہ اور رانا خالد بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومتی کے اتحادی ہونے کے ناطے ہم اپنے امیدواروں کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں، وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں، ان کی نیت صاف ہے اور وہ عوام کیلئے کچھ کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں، ملک و قوم کی بہتری کیلئے وزیراعظم کو مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔ عبدالحفیظ شیخ نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ دا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی بھرپور حمایت کی مجھے ضرورت ہے، آپ منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، پاکستان میں آپ کا بڑا مقام ہے، ملکی و عالمی حالات پر آپ کی گہری نظر ہے، حکمران جماعت اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

Share