امید ہے ایوان بالا کے انتخاب میں تمام سیاسی جماعتیں اور ارکان ذمہ داری کا مظاہر ہ کریں گے: چودھری پرویزالٰہی

سپیکر پنجاب اسمبلی کی زیرصدارت سینیٹ کے انتخابی عمل کے حوالے سے الیکشن کمیشن اور اسمبلی میں تمام جماعتوں کے نمائندوں کا اجلاس

پنجاب اسمبلی کا ایوان ضابطے کے تحت سینیٹ انتخاب پر الیکشن کمیشن کے سپرد کر دیا جائے گا، اسمبلی کارڈ شناخت اور ووٹ کیلئے استعمال ہو گا

لاہور(23فروری2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت سپیکر چیمبر میں الیکشن کمیشن کے نمائندوں کاسینیٹ کے انتخابی عمل کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان ضابطے کے تحت سینیٹ انتخاب پر الیکشن کمیشن کے سپرد کر دیا جائے گا۔ سپیکر نے ہدایت دی کہ الیکشن کمیشن کو ایوان دینے کیلئے اسمبلی سے ضابطے کارروائی منظور کروائی جائے گی، سینیٹ انتخاب میں اسمبلی کارڈ شناخت اور ووٹ کیلئے استعمال ہو گا۔ سپیکر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور ارکان انتخابی عمل میں الیکشن کمیشن سے تعاون کریں، انتخابی عمل کو شفاف اور خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کیلئے تعاون کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج کے اجلاس کا مقصد پولنگ ڈے کیلئے چیزوں کو حتمی شکل دینا ہے۔ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے امید کا اظہار کیا کہ ایوان بالا کے انتخاب میں تمام سیاسی جماعتیں اور ارکان ذمہ داری کا مظاہر ہ کریں گے۔ اجلاس میں حکومت کی نمائندگی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر چودھری ظہیر الدین اور میاں شفیع محمد نے کی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے ملک ندیم کامران، سمیع اللہ خان، خلیل طاہر سندھو اور سید حسن مرتضی نے نمائندگی کی۔ اجلاس میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی شریک ہوئے۔

Share