پنجاب ایمرجنسی سروس ترمیمی بل 2021 پنجاب اسمبلی کے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا

الحمد للہ یہ ادارہ میرے ہاتھوں سے بنا، اللہ نے آج اس ادارے کو مزید بہتر بنانے کیلئے قانون سازی کا موقع دیا، بل کی منظوری سے ریسکیو 1122 کو خود مختار ادارے کا درجہ مل گیا، اب اس کا سروس اسٹرکچر بن سکے گا

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی بل کی منظوری کے بعدایوان میں گفتگو

لاہور(02مارچ2021) پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں محکمہ کان کنی و معدنیات کے متعلق سوالات دریافت کئے گئے جن کے جوابات صوبائی وزیرکان کنی و معدنیات حافظ عمار یاسر نے دئیے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی خصوصی ہدایت پرپنجاب ایمرجنسی سروس ترمیمی بل 2021 ایجنڈے میں شامل کیا گیا، پاکستان مسلم لیگ کی رکن اسمبلی خدیجہ عمر نے بل پیش کیا جسے پنجاب اسمبلی کے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے ریسکیو 1122 ترمیمی بل 2021 کی منظوری کے بعدایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بل کی منظوری سے ریسکیو 1122 کو خود مختار ادارے کا درجہ مل گیا اور اب ادارے کا سروس اسٹرکچر بن سکے گا، پنجاب ایمرجنسی کونسل کے باعث ادارے کے حوالے سے حائل رکاوٹیں دور کر دی گئیں، اب پنجاب ایمرجنسی کونسل کا اجلاس وزیر قانون طلب کر سکے گا۔ سپیکر نے کہا کہ بل کی منظوری کے باعث ادارے میں سروسز سرانجام دینے والوں کیلئے بہتر مستقبل کے اقدامات ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ الحمدللہ میرے ہاتھوں سے بنا، اللہ نے آج اس ادارے کو مزید بہتر بنانے کیلئے قانون سازی کا موقع دیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے آج ایسا تاریخی بل منظور کیا ہے جس سے ریسکیو 1122 کا ادارہ مزید پھلے پھولے گا اور عوامی خدمت اور ریلیف کے سفر کو مزید آگے بڑھائے گا۔

Share