دعوتِ اسلامی نے آج کے دور میں تبلیغ اسلام کا منصب احسن انداز میں سنبھال رکھا ہے: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی

چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی سے نگران مرکزی مجلس شوریٰ دعوتِ اسلامی حاجی عمران عطاری اور رکن شوریٰ حاجی یعفور عطاری کی ملاقات، چودھری شجاعت حسین کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا اور عالمی مدنی مرکز کراچی کی دعوت بھی دی

لاہور(03مارچ2021) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران حاجی محمد عمران عطاری اور مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ حاجی عمران نے چودھری شجاعت حسین کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی۔ اس موقع پر چودھری صباحت الٰہی، رانا خالد اور آصف پولانی بھی موجود تھے۔ حاجی عمران عطاری اور حاجی یعفور رضا عطاری نے چودھری شجاعت حسین کو دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات بارے بریفنگ دی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ دعوتِ اسلامی نے تبلیغ اسلام کا منصب بڑے احسن انداز سے سنبھال رکھا ہے، اسلام کی دعوت دینے والے بندے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں بہت مقرب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خود اپنے اعمال ٹھیک کرنا ہوں گے، اللہ تعالیٰ نے انسان کو عقل سے نوازا ہے اور اچھے برے کی تمیز سکھائی ہے، اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو موقع دیتا ہے کہ وہ اپنے گناہوں سے سچی توبہ کر کے سیدھا راستہ اختیار کر لے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ انسان غلط کام خود کرتا ہے اور پھر کہتا ہے کہ اللہ مالک ہے، کالا کبھی سفید نہیں ہو سکتا جب تک خود اس کو ٹھیک کرنے کیلئے محنت نہ کی جائے۔ انہوں نے دعوتِ اسلامی کی مختلف شعبہ جات خصوصاً جیلوں میں قیدیوں کی اصلاح کے اقدام کو سراہا۔ حاجی عمران اور حاجی یعفور نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے گھرانے نے ہمیشہ دعوتِ اسلامی کی حمایت کی اور اس کی بڑھ چڑھ کر خدمت کی ہے۔ انہوں نے چودھری صاحبان کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی کے دورے کی دعوت بھی دی۔

Share