وزیراعظم عمران خان کی چودھری پرویزالٰہی سے اہم مشاورت، بطور اتحادی آپ کے ساتھ ہیں: سپیکر پنجاب اسمبلی

چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی بھی ٹیلیفون پر گفتگو، پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے بھرپور حمایت کی یقین دہانی

عمران خان کا پنجاب میں سینیٹ کے تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب کروانے پر چودھری پرویزالٰہی سے اظہار تشکر، سیاسی صورتحال اور اعتماد کے ووٹ پر مشورہ

لاہور(04مارچ2021) وزیراعظم عمران خان نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کو ٹیلیفون کر کے موجودہ سیاسی صورتحال اور ہفتہ کو اعتماد کا ووٹ لینے پر اہم مشاورت کی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے انہیں کہا کہ ہم بطور اتحادی آپ کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔ دریں اثناء چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کیلئے آپ کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ دونوں رہنماؤں نے انہیں اپنی پارٹی کی حمایت سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے چودھری پرویزالٰہی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے پنجاب میں سینیٹ کے تمام امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب کروانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آپ نے سینیٹ کو احسن طریقے سے چلایا، ہمیں خوشی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر آپ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کیلئے تعاون کی درخواست پر چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے انہیں یقین دلایا کہ ہماری پارٹی آپ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

Share