وزیراعظم عمران خان انشاء اللہ اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیں گے: چودھری پرویزالٰہی

پنجاب میں بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونا تاریخی عمل ہے، حق دار کواس کا حق مل گیا: عشائیہ سے خطاب

لاہور(05مارچ2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب میں سینیٹ کا انتخابی عمل خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل ہونے پر بلامقابلہ منتخب ہونیوالے سینیٹرز، پاکستان مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے ارکان پنجاب اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری، سینیٹر کامل علی آغا، صوبائی وزراء محمد بشارت راجہ، حافظ عمار یاسر، چودھری ظہیرالدین، سردار آصف نکئی، محمد اختر، یاور عباس بخاری، چودھری اخلاق، سعید اکبر نوانی، راجہ یاسر ہمایوں، اجمل چیمہ، سبطین خان، حافظ ممتاز، محسن لغاری، میاں محمود الرشید، تیمور خان، جہانزیب کھچی، ہاشم ڈوگر، چیئرمین کمیٹی میاں شفیع محمد، چیف وہپ سید عباس علی شاہ، سردار حسنین بہادر دریشک اور ارکان اسمبلی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار بلامقابلہ سینیٹرز منتخب ہوئے ہیں، حق دار کو اس کا پورا حق مل گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اتحادی ہیں، ہمارے ارکان قومی اسمبلی نے سینیٹ میں حکومتی نمائندے کو ووٹ دیا تھا، وزیراعظم قومی اسمبلی سے اعتماد کاووٹ لے رہے ہیں ہماری جماعت ان کی بھرپور حمایت کرے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ کیلئے انتخابی عمل کا شفاف ہونا ضروری ہے، ملک میں ادارے مضبوط ہوں گے تو ہی جمہوریت مضبوط ہو گی، ہمیں پورا یقین ہے کہ انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیں گے۔

Share