وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک جلد معاشی مشکل سے نکل آئے گا: سالک حسین

چودھری پرویزالٰہی کی ہدایات پر بغیر کسی لالچ و مفاد کے پی ٹی آئی کی حمایت کر رہے ہیں: سلیم بریار

چودھری سلیم بریار کے ظہرانہ میں حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے وزراء کی شرکت، سالک حسین، راجہ بشارت، چودھری ظہیرالدین، بہروز راجہ، قیصر بریار، طاہر خورشید، کمشنر گوجرانوالہ ذوالفقار گھمن سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت

لاہور(06اپریل2021) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے سینئر نائب صدر چودھری سلیم بریار نے مسلم لیگی ایم این اے سالک حسین کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا جس میں صوبائی وزراء محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیر الدین، پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ پنجاب طاہر خورشید، کمشنر گوجرانوالہ ذوالفقار گھمن، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس قیصر بریار، بہروز راجہ، انصر بریار سمیت متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ ایم این اے سالک حسین نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں ہماری جماعت عوامی ترقی کے سفر پر گامزن ہے، وزیراعظم عمران خان جلد ملک کو مشکل صورتحال سے نکال لیں گے، کورونا کی وجہ سے معاشی صورتحال میں بہتری کی ضرورت ہے اس سلسلے میں وزیراعظم کابینہ کو ہدایات جاری کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعت ہونے کے ناطے ہم مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ اس موقع پر چودھری سلیم بریار نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے تمام پارٹی ارکان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ہر محاذ پر حکومتی پالیسی کا دفاع کریں، ہماری پارٹی بغیر کسی لالچ و مفاد کے پی ٹی آئی کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ اور تحریک انصاف نے جنرل الیکشن مل کر لڑا تھا آئندہ بھی بلدیاتی انتخاباتت ہوں یا جنرل الیکشن دونوں جماعتیں باہمی تعاون کے ساتھ عوامی خدمت کے اس سفر کو جاری رکھیں گی۔

Share