سپیکر چودھری پرویزالٰہی سے صوبائی محتسب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی ملاقات، صوبائی محتسب کی سالانہ رپورٹ پر اعتماد کا اظہار

پنجاب اسمبلی رپورٹ پر تحقیقات کیلئے کیس صوبائی محتسب کو ارسال کر سکتی ہے: چودھری پرویزالٰہی

لاہور(19اپریل2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے صوبائی محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ادارے کی 24ویں سالانہ رپورٹ پیش کی اور ادارے کی پالیسی اور گائیڈ لائن کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے صوبائی محتسب کی سالانہ رپورٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی کمیٹیاں اگر کسی بزنس پر فیصلے پر مزید انکوائری کرانا چاہتی ہوں تو آپ کو بھیجیں گے، اسمبلی میں کئی ایسے کیسز ہوتے ہیں جن پر کمیٹیاں اپنے فیصلوں پر مزید تحقیقات کروانا چاہتی ہیں۔ صوبائی محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان نے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کا رپورٹ پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ادارے کے رولز میں پنجاب اسمبلی کی رپورٹ پر تحقیقات کر کے اسمبلی کو رپورٹ جمع کرانا شامل ہے، پنجاب اسمبلی کی طرف سے اگر کوئی مزید تحقیقات پر مبنی رپورٹ ہمیں موصول ہوتی ہے تو اس کا جواب متعلقہ کمیٹی کو بھی ارسال کیا جا سکتا ہے۔

Share