کورونا خطرناک شکل اختیار کر رہا ہے، بچاؤ کیلئے سخت اقدامات کرنا ہوں گے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور سپیکر چودھری پرویزالٰہی کا اتفاق

عوام کو کورونا سے بچاؤ کیلئے اداروں کو متحرک کیا جائے اور صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر کے فیصلے کئے جائیں: سپیکر پنجاب اسمبلی

ساٹھ اور پچاس سال کے افراد کی ویکسین کے ساتھ چالیس سال کے افراد کی رجسٹریشن بھی شروع کر دی، ہسپتالوں کی ضروریات کا جائزہ لے کر اقدامات کر رہے ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور(29اپریل2021) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری طاہر خورشید بھی شریک تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کورونا کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر سخت نفاذ اور ویکسین کے عمل میں تیزی لانے پر بھی پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ کورونا خطرناک شکل اختیار کر رہا ہے سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عوام کو کورونا سے بچاؤ کیلئے اداروں کو متحرک کیا جائے اور صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرکے فیصلے کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب بھر میں کورونا ویکسین کا عمل تیز کر رہے ہیں، ساٹھ اور پچاس سال کے افراد کی ویکسین کے ساتھ ساتھ چالیس سال کے افراد کی رجسٹریشن بھی شروع کر دی ہے، ہسپتالوں کی ضروریات کا جائزہ لے کر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Share