جس وزیر کے محکمے کی کٹوتی کی تحریک ہو اس کا جواب وزیر خود دے گا: چودھری پرویزالٰہی

چودہ جون سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس کے حوالے سے سپیکر پنجاب اسمبلی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں اہم فیصلے

سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی، کورونا ایس او پیز پر مکمل طور پر عملدرآمد اور فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے

لاہور(09جون2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں 14 جون سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس کے حوالے اہم فیصلے کیے گئے۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے بجٹ اجلاس کے دوران انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب میں سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جس وزیر کے محکمے کی کٹوتی کی تحریک ہو اس کا جواب وزیر خود دے گا، بجٹ اجلاس کے دوران کورونا ایس او پیز پر مکمل طور پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ارکان اسمبلی اور سٹاف ماسک پہنیں اور ہینڈ سینی ٹائزر کا استعمال لازمی طور پر کریں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ارکان اسمبلی اور سٹاف کیلئے ویکسی نیشن کا عمل پرانی بلڈنگ میں جاری رہے گا، بجٹ اجلاس کے دوران فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور تمام ارکان اسمبلی اور سٹاف سکیورٹی مہیا کرنے والے اداروں سے تعاون فرمائیں۔ اجلاس میں میڈیا کوریج کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بجٹ اجلاس کے دوران اسمبلی سٹاف، سرکاری افسران اور میڈیا کے نمائندے اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ تعارفی کارڈ نمایاں طور پر آویزاں رکھیں جبکہ بجٹ اجلاس کے دوران مہمانوں کے داخلے پر قطعی پابندی ہوگی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر مخدوم ہاشم جواں بخت سمیت ارکان اسمبلی راجہ یاور کمال، میاں طارق عبداللہ، میاں شفیع محمد، شجاعت نواز اجنالہ، مظفر شیخ اور میاں کاشف محمود نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری کوآرڈی نیشن رائے ممتاز حسین بابر اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی اجلاس میں شریک تھے۔

Share