امریکی صدر جو بائیڈن دیگر سینیٹرز کے ہمراہ فروری 2008ء میں میرے گھر آئے تھے، تعلیم، صحت، زراعت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں بطور وزیراعلیٰ میرے اقدامات کو سراہا تھا: چودھری پرویزالٰہی

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی اسسٹنٹ برائے پاکستان لیزلی سی ویگری کی پنجاب اسمبلی میں ملاقات اور نئی عمارت کا دورہ

پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت پاکستان اور ایشیاء کا سب سے بڑا ایوان ہے، اس میں غیر ملکی سفارت کار پہلا مہمان ہونا میرے لئے بے حد خوشی اور اعزاز کی بات ہے: لیزلی سی ویگری

کیتھرین روڈریگز قونصلر جنرل لاہور، مولینا سلواڈور اکنامک آفیسر اور صدف سعد سیاسی و معاشی سپیشلسٹ بھی ان کے ہمراہ تھے

ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، سالک حسین اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے

لاہور(14جون2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی اسسٹنٹ برائے پاکستان لیزلی سی ویگری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور نئی عمارت کا دورہ کیا۔ وفد میں کیتھرین روڈریگز قونصلر جنرل لاہور، مولینا سلواڈور اکنامک آفیسر، اور صدف سعد سیاسی و معاشی سپیشلسٹ بھی شامل تھے۔ جبکہ ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، سالک حسین اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور سمیت موجودہ سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے حوالہ سے گفتگو کی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے وفد کو بتا یا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے مجھ سے فروری 2008ء میں میری رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی، وہ اس وقت سینیٹر تھے اور دیگر سینیٹرز جان کیری اور چک ہیگل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے تعلیم، صحت، زراعت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں بطور وزیراعلیٰ پنجاب کے میرے اقدامات کو سراہا تھا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دوطرفہ اور دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان کی سویلین اور فوجی قیادت مل کر ”جیو اقتصادیات“ پر ایک نئی توجہ کو فروغ دے رہی ہے یہ ایک ایسا نقطہ نظر ہے جس سے علاقائی تجارت اور رابطے پر زور دیا جاتا ہے اور اس بات پر زور دیا جاتا ہے کہ پاکستان کاروبار کے لئے اہم ملک ہے۔ امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی اسسٹنٹ برائے پاکستان لیزلی سی ویگری نے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کا مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت جو پاکستان اور ایشیاء کا سب سے بڑا ایوان ہے اس میں غیر ملکی سفارت کار مہمان ہونا میرے لئے بے حد خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔

 

Share