پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کو آیات و احادیثِ ختم نبوتﷺ سے مزین کرنے کے عمل کو سراہنے پر مذہبی و سیاسی جماعتوں، پارلیمنٹرین، وزراء اور عوام کا مشکور ہوں: چودھری پرویزالٰہی

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی ملاقات، پنجاب کے موجودہ بجٹ اجلاس کے حوالے سے تبادلہ خیال، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے

اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، مجلس احرار اسلام پاکستان، متحدہ علماء بورڈ پنجاب، جمعیت علماء اسلام، انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ، پاکستان شریعت کونسل، شعبان ختم نبوت، متحدہ تحریک ختم نبوت کے سربراہان اور علماء کرام کی سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کو مبارکباد

لاہور(16جون2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی سپیکر نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ختم نبوتﷺ کے حوالے سے قرآنی آیات و احادیث مزین کرنے پر چودھری پرویزالٰہی کو مبارکباد دی۔ اس موقع پرپنجاب کے موجودہ بجٹ اجلاس کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں، پارلیمنٹرین، پنجاب کے وزراء اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ختم نبوتﷺ کے حوالے سے قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ مزین کرنے کے عمل کو سراہنے پر مشکور ہوں، پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کو نہ صرف ایشیا کی سب سے بڑی پارلیمانی عمارت ہونے کااعزاز حاصل ہے بلکہ ختم نبوتﷺ کے حوالے سے آیات و احادیث مزین کرنے کے حوالے سے بھی پہلی عمارت کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی بلڈنگ میں نظریہ اسلام اور نظریہ پاکستان کی تعبیر کی جھلک نظر آتی ہے، یہ تاریخ ساز کارنامہ ہے اس عمل سے پاکستان کے اسلامی نظریات کو مزید اجاگر ہونے میں مدد ملے گی، اس کام کے مکمل ہونے پر میں اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔ اتحادتنظیمات مدارس دینیہ کے قاری حنیف جالندھری، مفتی منیب الرحمن، مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل شاہ بخاری، متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے سربراہ اور وفاقی بین المذاہب ہم آہنگی کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی، علامہ احتشام الٰہی ظہیر، علامہ ہشام الٰہی ظہیر، شعبان ختم نبوت، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، جمعیت علماء اسلام کے مولانا عبدالرؤف فاروقی، پاکستان شریعت کونسل کے مولانا زاہد الرشدی، انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے سربراہ مولانا محمد الیاس چینوٹی نے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کے اس اقدام کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا چودھری پرویزالٰہی نے تمام مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں۔

Share