سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات، آصف زرداری کا سینیٹ کے بلامقابلہ انتخاب میں تعاون پر شکریہ ادا کرنے آیا ہوں: چودھری پرویزالٰہی

کراچی جانا چاہتا تھا لیکن انہوں نے کہا لاہور آؤں گا تو انشاء اللہ ملاقات ہو گی، ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال

لاہور(22جون2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے بلاول ہاؤس میں سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے آصف علی زرداری کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ آصف علی زرداری نے بھی چودھری شجاعت حسین کی صحت بارے دریافت کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے پنجاب میں سینیٹ کے بلامقابلہ انتخاب میں میرے کہنے پر جو تعاون کیا تھا اس پر میں ان کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں تو زرداری صاحب سے ملنے کراچی جانا چاہتا تھا لیکن انہوں نے کہا کہ میں لاہور آؤں گا تو انشاء اللہ ملاقات ہو گی۔

Share