بجٹ منظوری میں حکومتی و اتحادی ارکان کا تعاون مثالی رہا، سپیکر پرویزالٰہی کا ایوان احسن طریقے سے چلانے پر مشکور ہوں: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

منتخب نمائندے عوامی مسائل پر فوکس کر کے ہی عوام کے سامنے سرخرو ہو سکتے ہیں: چودھری پرویزالٰہی

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی سپیکر چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات، محمد بشارت راجہ، محمد خان بھٹی اور طاہر خورشید بھی شریک تھے

لاہور(25جون2021) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ طاہر خورشید بھی شریک تھے۔ ملاقات میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری کا عمل احسن انداز میں مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایوان کو احسن انداز سے چلانے پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایوان کو پارلیمانی روایات کے مطابق چلایا جس پر میں نے مناسب سمجھا کہ آپ کے چیمبر آ کر شکریہ ادا کروں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی منظوری میں حکومتی اور اتحادی ارکان کا تعاون مثالی رہا، عوام دوست بجٹ پیش کیا جس کی منظوری میں ارکان نے بھرپور دلچسپی لی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوچکا ہے، پچھلی حکومت پنجاب کو مسائل و مشکلات میں چھوڑ کر گئی اب ہم اتحادیوں کے ساتھ مل کر صوبے کو خوشحالی کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اسمبلی کا ایوان عوام کی امیدوں کا مرکز ہے، منتخب نمائندے عوامی مسائل پر فوکس کر کے عوام کے سامنے سرخرو ہو سکتے ہیں، تمام ارکان کے تعاون سے ہی ایوان احسن انداز سے چلانے میں کامیاب رہا۔

Share