قدرتی وسائل سے استفادہ کیلئے محکمہ معدنیات کی کارکردگی قابل تعریف ہے، مزدوروں کی جان اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے: چودھری پرویزالٰہی

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر کی ملاقات، کارکردگی رپورٹ پیش کی

پہلی بار محکمہ معدنیات نے خزانے میں آمدنی سے دس ارب روپے جمع کروائے، 21 نئے لائسنس برائے لائم سٹون پرائیویٹ کمپنیوں کو دئیے، سیمنٹ کے کارخانوں اور کوئلے کی نئی لیز پر پابندی کا خاتمہ کیا: حافظ عمار یاسر

لاہور(یکم جولائی2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے صوبائی وزیر معدنیات وزیر حافظ عمار یاسر نے ملاقات کی اور اپنے محکمے کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں کوئلے کی 25 نئی سائٹس دریافت کی گئی ہیں جبکہ مزید نئی سائٹس کی جلد نیلامی کی جائے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قدرتی وسائل سے استفادہ کرنے کیلئے محکمہ معدنیات کی کارکردگی قابل تعریف ہے، زمین میں چھپے خزانوں کو قومی ترقی کیلئے بہتر حکمت عملی سے استعمال میں لانا ضروری ہے، محکمہ معدنیات کے صوبے اور عوام کیلئے اقدامات بہترین ہیں، سیمنٹ کے نئے کارخانوں سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے ہدایت کی کہ محکمہ معدنیات میں کام کرنے والے مزدوروں کی جان اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے بتایا کہ پہلی بار محکمہ معدنیات نے خزانے میں آمدنی سے دس ارب روپے جمع کروائے ہیں، سیمنٹ کے کارخانوں پر پابندی کا خاتمہ کیا، 21 نئے لائسنس برائے لائم سٹون پرائیویٹ کمپنیوں کو دئیے گئے جبکہ کوئلے کی نئی لیز پر بھی پابندی ختم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائنز ورکرز کے بچوں کیلئے تعلیمی وظائف میں 300 فیصد اضافہ کیا جبکہ مائنز ورکرز کیلئے چکوال میں موبائل ہیلتھ یونٹ بھی قائم کیا۔

Share