صحافی اور ارکان اسمبلی میرے لئے قابل احترام ہیں، ہماری جماعت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے، اس پر قدغن لگانے والوں کے خلاف میں خود کھڑا ہوں گا: چودھری پرویزالٰہی

سپیکر چودھری پرویزالٰہی سے سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا محمد عظیم اور صدر پی یو جے شہزاد حسین بٹ کی قیادت میں وفد کی ملاقات، صحافیوں کے حوالے سے بل سے صحافیوں کے خلاف شقیں اتفاق رائے سے ختم کر دی گئیں

وفد میں صدر ایمرا آصف بٹ، مبشر بٹ، رانا عثمان، محمد شاہد چودھری، محمد فاروق جوہری، رانا مظہر شامل تھے جبکہ سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکرٹری کوآرڈی نیشن رائے ممتاز بھی ملاقات میں شریک تھے

لاہور(03جولائی2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا محمد عظیم اور صدر پی یو جے شہزاد حسین بٹ کی قیادت میں وفد نے یہاں ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی۔ وفد میں صدر ایمرا آصف بٹ، مبشر بٹ، رانا عثمان، محمد شاہد چودھری، محمد فاروق جوہری اور رانا مظہر شامل تھے جبکہ سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکرٹری کوآرڈی نیشن رائے ممتاز بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں صحافیوں کے حوالے سے متنازعہ بل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ پنجاب اسمبلی میں صحافیوں کے حوالے سے بل سے صحافیوں کے خلاف شقیں اتفاق رائے سے ختم کر دی گئیں۔ پنجاب اسمبلی کی کارروائی کے دوران سپیکر پنجاب اسمبلی اگر کوئی الفاظ کارروائی سے حذف کرنے کا کہیں گے تو تمام پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اس کا پابند ہو گا، رکن پنجاب اسمبلی ایوان سے باہر آ کر میڈیا سے گفتگو کرے تو اس پر صحافی ہر قسم کا سوال کر سکتے ہیں، ارکان اسمبلی کے حوالے سے سپیکر اسمبلی کے اختیارات برقرار رہیں گے، صحافیوں کے حوالے سے ڈسپلنری کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی کی سربراہی سپیکر پنجاب اسمبلی کریں گے جس میں صحافیوں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے، ابھی پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت تکمیل کے مراحل میں ہے جس کے باعث صحافیوں کے داخلے میں مشکلات کا سامنا ہے، نئی عمارت کے مکمل ہوتے ہی سب کو اجازت دے دی جائے گی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آزادی صحافت اور صحافیوں کیلئے سب سے آگے میں ہوتا ہوں، ہماری جماعت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے، اس پر قدغن لگانے والوں کے خلاف میں خود کھڑا ہوں گا، صحافی اور ارکان اسمبلی میرے لئے محترم اور قابل احترام ہیں۔ رانا عظیم نے کہا کہ آپ کی صحافیوں کیلئے خدمات بھلائی نہیں جا سکتی۔ شہزاد حسین بٹ کا کہنا تھا کہ آج پنجاب بھر کے صحافی اپنے گھروں میں آپ کی بدولت بیٹھے ہیں۔ آصف بٹ نے کہا کہ پوری صحافی برادری چودھری پرویزالٰہی کی خدمات کی معترف ہے، یقین ہے کہ آپ آزادی صحافت میں ہمیشہ کی طرح ہم سے آگے کھڑے ہوں گے۔

Share