صحافی ہمارے قابل احترام بھائی ہیں، آزادی صحافت کے تحفظ کیلئے انشاء اللہ مجھے صف اول میں کھڑا پائیں گے: چودھری پرویزالٰہی

سپیکر پنجاب اسمبلی سے لاہور پریس کلب صدر ارشد انصاری کی قیادت میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ملاقات، ممبر استحقاق بل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو، کامیاب مذاکرات کے بعد جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ اور احتجاجی مظاہرے کی کال واپس لے لی

ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر افضال طالب اور سیکرٹری عباس نقوی بھی شریک تھے

لاہور(09جولائی2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے لاہور پریس کلب صدر ارشد انصاری کی قیادت میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی شریک تھے جبکہ وفد میں پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر افضال طالب، سیکرٹری عباس نقوی، زاہد چودھری، جاوید فاروقی، خواجہ نصیر، ذوالفقار علی مہتو، راجہ ریاض، ضیاء اللہ نیازی، قمر بھٹی، خواجہ آفتاب، عابد خان، احسن ضیاء، عمران شیخ اور افضال عباسی شامل تھے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافی ہمارے بھائی اور قابل احترام ہیں، آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتے ہیں، اظہار رائے پر قد غن لگانے والوں کے خلاف ہمیشہ صحافیوں کے شانہ بشانہ رہا ہوں، انشاء اللہ آئندہ بھی آزادی صحافت کے تحفظ کیلئے مجھے صف اول میں کھڑا پائیں گے۔ ملاقات میں طے پایا کہ ممبر استحقاق بل اس بل کا اطلاق صحافیوں پر نہیں ہوگا، اس ضمن میں قانون میں ترمیم کا بل جلد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، صحافیوں کو پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں داخلے کی اجازت ہو گی تاہم جاری تعمیراتی کام کے باعث صحافی زیرتعمیر حصوں میں نہیں جائیں گے، عمارت زیرتعمیر ہونے کے باعث صحافیوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے جلد از جلد کلین فیڈ (ویڈیو فوٹیج) مہیا کر دی جائے گی، سپیکر کی جانب سے اسمبلی کارروائی کا حذف شدہ حصہ نشر اور شائع نہ کرنے کے حوالے سے پہلے سے رائج اسمبلی رولز پر عمل کیا جائے گا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی سے کامیاب مذاکرات کے بعد جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ اور احتجاجی مظاہرے کی کال واپس لے لی۔

Share