وزیراعظم عمران خان اور پاکستان مسلم لیگ کی کاوشوں سے پنجاب ترقی کی منازل طے کر رہاہے: چودھری پرویزالٰہی

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی وفد کے ہمراہ ملاقات، مونس الٰہی کے وفاقی کابینہ میں شامل ہونے پر مبارکباد اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی

پنجاب اسمبلی سے بلامقابلہ سینیٹر منتخب کروا کے سیاسی عمل کو مثبت انداز میں مکمل کرنا، حکومتی اور اپوزیشن نمائندوں کے درمیان اعتدال رکھ کر بجٹ پاس کروانا احسن اقدام ہے: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

ملاقات میں سینیٹر کامل علی آغا بھی شریک جبکہ وفد میں سینیٹر سرفراز بگٹی، سینیٹر دلاور خان، سینیٹرعبدالقادر اور ملک فیصل شامل تھے، بلوچستان سمیت موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

لاہور(17جولائی2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ان کی رہائش گاہ پر وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور مونس الٰہی کے وفاقی کابینہ میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔ ملاقات میں سینیٹر کامل علی آغا بھی شریک تھے جبکہ وفد میں سینیٹر سرفراز بگٹی، سینیٹر دلاور خان، سینیٹر عبدالقادر اور ملک فیصل شامل تھے۔ ملاقات میں بلوچستان سمیت موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے چودھری پرویزالٰہی کے پنجاب سے بلامقابلہ سینیٹر منتخب کروانے اور سیاسی عمل کو مثبت انداز میں مکمل کرنے کے عمل کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کا پنجاب اسمبلی کو احسن انداز میں چلانا، حکومتی اور اپوزیشن نمائندوں کے درمیان اعتدال رکھ کر بجٹ پاس کروانا اور سب سے بڑھ کر پنجاب اسمبلی میں سب کو ساتھ لے کر قانون سازی کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل کرنا قابل ستائش ہے، اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ترقی کا سفر جاری ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان مسلم لیگ کی مشترکہ کاوشوں سے پنجاب ترقی کی منازل طے کر رہا ہے، عوام کی ترقی کا سفر جاری رہنا چاہئے، عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے ہمارے ترقیاتی فلاحی منصوبوں کو روک کر عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا تھا۔

Share