کورونا کی تباہ کاریوں نے عالمی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا، پاکستان نے بھی بڑی بھاری قیمت ادا کی، اللہ کے حضور سجدہ ریز ہو کر گناہوں کی معافی مانگیں اور سب ویکسین لگوائیں: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی

پاکستان کی ترقی و بقا میں پاک افواج نے ہمیشہ اپنا مثبت رول ادا کیا ہے، قیام پاکستان کیلئے دی گئی قربانیاں آج ہم سے ایک بار پھر متحد ہو کر قوم کو پروان چڑھانے کا تقاضا کر رہی ہیں

مقبوضہ کشمیر میں بھارت اپنی ظالمانہ حرکات سے باز آئے، کشمیریوں کی آزادی سے ہی خطے میں ترقی اور امن قائم ہو سکتا ہے: عیدالاضحی پر پیغامات

لاہور(20جولائی2021) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے عیدالاضحی پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، اس وبا سے نجات اور اپنی آئندہ نسلوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ہمیں اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر دعا مانگنی چاہئے اور سب کو ویکسین لگوانی چاہئے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عالمی برادری کو اس مہلک مرض سے نجات دلوانے کیلئے ترقی پذیر ممالک کا ساتھ دینا چاہئے، انسانیت کا تقاضا یہی ہے کہ اس مشکل وقت میں سب انسان اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کا بھی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عید کے پرمسرت موقع پر تمام عالم اسلام باالخصوص اپنے کشمیری بھائیوں کیلئے خصوصی دعا کریں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ظلم کی انتہا کر دی ہے، بھارتی فوج انسانیت کو روند رہی ہے، عالمی برادری کیوں خاموش ہے اسے اپنی یہ خاموشی توڑنا ہو گی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آج کے دن ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر آنے والی نسلوں کو بچانے کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرنا ہوگی تاکہ کورونا جیسے موذی مرض سے نجات ملے، کورونا کی تباہ کاریوں نے عالمی سطح پر تمام ممالک کی معیشت کو بڑا نقصان پہنچایا ہے خصوصاً پاکستان نے اس کی بڑی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے ہم سب کو مل کر چلنا ہو گا، قیام پاکستان کیلئے دی گئی قربانیاں آج ہم سے ایک بار پھر متحد ہونے کا تقاضا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے ملک کو اندرونی و بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھا ہوا ہے اور ہر مشکل وقت میں افواج پاکستان نے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت اپنی ظالمانہ حرکات سے باز آئے، بے گناہ کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، انشاء اللہ بہت جلد کشمیریوں کو آزادی حاصل ہو گی اور بھارت اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک پاک بھارت تعلقات مستحکم نہیں ہو سکتے، اس خطے کی ترقی اور امن اسی صورت میں ممکن کہ کشمیریوں کو آزادی حاصل ہو۔

 

Share