چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی، سالک حسین اور حسین الٰہی کی گجرات میں نماز عید کی ادائیگی، وطن کی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں

کورونا کی چوتھی لہر سر اٹھارہی ہے احتیاط اور ویکسین لگوانے سے ہی بچاؤ ممکن ہے، ملک کے حالات معاشی طورپر بہتری کے راستے پر گامزن ہو چکے ہیں، عوام آج بھی پاکستان مسلم لیگ کے دور حکومت کو فلاحی منصوبوں کے باعث یاد کرتے ہیں: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی

لاہور(23جولائی2021) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین اور حسین الٰہی سمیت راسخ الٰہی اور خاندان کے دیگر افراد نے گجرات میں نمازِ عیدالاضحی ادا کی۔ نماز عید کے دوران کورونا ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا گیا۔ چودھری برادران نے نماز کے اجتماع میں ملک و ملت کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کورونا کا خطرہ بدستور موجود ہے عوام عید کا تہوار مناتے ہوئے ایس اوپیز کا خصوصی خیال رکھیں، کورونا کی چوتھی لہر سر اٹھارہی ہے احتیاط اور ویکسین لگوانے سے ہی بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے پرمسرت موقع پر کشمیری بھائیوں اور اپنے فوجی جوانوں اور شہداء کو دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں مستحق لوگوں کو ضرور شریک کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات معاشی طورپر بہتری کے راستے پر گامزن ہو چکے ہیں، سیاسی قوتوں کو اب عوامی مسائل کے حل کو فوکس کرنا ہو گا، موجودہ سیاسی حالات میں کسی تحریک کی گنجائش نہیں، سیاسی جماعتیں ملکی مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کا منشور اور مقصد ملک کے حالات کو بہتر بنانا ہے، ہم نے ذاتیات کی سیاست کی بجائے ہمیشہ عوام کی خدمت کو فوکس کیا ہے، عوام آج بھی پاکستان مسلم لیگ کے دور حکومت کو فلاحی منصوبوں کے باعث یاد کرتے ہیں۔

Share