پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے کوشاں اور ہر فورم پر موثر انداز میں اس مسئلہ کو اجاگر کر رہا ہے: چودھری پرویزالٰہی

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی سپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات، نئی عمارت کے فنکشنل ہونے پر مبارکباد اور ایوان کو ختم نبوتﷺ کے حوالے سے قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ سے مزین کرنے پر چودھری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کیا

حصول آزادی کی جدوجہد میں کشمیری بھائی اکیلے نہیں ہیں بلکہ پاکستان کا بچہ بچہ ان کے ساتھ کھڑا ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

ہندوستان نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کیلئے تاریخ انسانی کے تمام مظالم کو مات دے دی ہے، صحت، تعلیم اور دہشت گردی جیسے مسائل پر اجتماعی کوششوں سے ہی قابو پایا جا سکتا ہے: بیرسٹر سلطان محمود چودھری صدر آزاد جموں وکشمیر

لاہور(21ستمبر2021) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ آزاد جموں و کشمیر کے پانچ رکنی پارلیمانی وفد میں ڈپٹی سپیکر ریاض گجر کے علاوہ قانون ساز اسمبلی کے ایم ایل اے دیوان غلام محی الدین اور حافظ حامد رضا شامل تھے۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے فنکشنل ہونے پر مبارکباد دی اور ایوان کو ختم نبوتﷺ کے حوالے سے قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ سے مزین کرنے پر چودھری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی خصوصاً پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ دوران ملاقات چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے کوشاں ہے اور ہر فورم پر موثر انداز میں اس مسئلہ کو اجاگر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حصول آزادی کی جدوجہد میں کشمیری بھائی اکیلے نہیں ہیں بلکہ پاکستان کا بچہ بچہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کیلئے تاریخ انسانی کے تمام مظالم کو مات دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور دہشت گردی جیسے مسائل پر اجتماعی کوششوں سے ہی قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے پنجہ استبداد سے نجات حاصل کرنے کیلئے ہر قسم کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ظلم اور جبر سے کشمیریوں کو ان کے حق آزادی سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد جموں و کشمیرکی موجودہ حکومت کشمیر کاز کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہو گی اور آزاد کشمیر میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔ سپیکر نے کہا کہ ہندوستان گزشتہ 74 سال گزرنے کے باوجود استصواب رائے سے پہلوتہی کر کے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جمائے ہوئے ہے، کشمیریوں کی تیسری نسل غلامی کی زنجیروں سے آزادی کیلئے جدوجہدکرتے ہوئے جوان ہو گئی ہے، ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔ بعد ازاں سپیکرپنجاب اسمبلی نے صدر آزاد جموں و کشمیرکوپنجاب اسمبلی کے نئے ایوان اور مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کروایا۔

Share