موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مثالی اقدامات کر رہی ہے، بطور اتحادی احسن انداز سے ملکی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں: چودھری پرویزالٰہی

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے صدر پاک فیڈریشن سپین ثاقب طاہر اور پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما چودھری طاہر کٹھالہ کی ملاقات

لاہور(05جنوری2022) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے صدر پاک فیڈریشن سپین ثاقب طاہر اور پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما چودھری طاہر کٹھالہ نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پارٹی امور اور قومی معاملات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران گفتگو چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مثالی اقدامات کر رہی ہے، ہم بطور اتحادی حکومت کے ساتھ مل کر احسن انداز سے ملکی مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ تارکین وطن پاکستان کا اثاثہ ہیں، یہ لوگ دیارِغیر میں دن رات محنت اور جدوجہد کر کے قیمتی زرمبادلہ ملک پاکستان کو بھجواتے ہیں اور ملک کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ محب وطن بھی ہیں اور باصلاحیت بھی جن کی بدولت دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو رہا ہے۔ بعد ازاں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے مہمانوں کو ختم نبوتﷺ کے حوالے سے قرآن آیات اور حدیث پر مشتمل فریم کا تحفہ بھی دیا۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔

Share