ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے تمام صوبوں کو ساتھ مل کر خصوصی اقدامات کرنے ہوں گے: چودھری پرویزالٰہی

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بلوچستان اختر حسین لانگو کی وفد کے ہمراہ ملاقات، پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین ساجد احمد خان بھٹی بھی موجود تھے

لاہور(11جنوری2022) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بلوچستان اختر حسین لانگو نے وفد کے ہمراہ اسمبلی چیمبرمیں ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین ساجد احمد خان بھٹی بھی موجود تھے جبکہ وفد میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بلوچستان کے ارکان ظہور احمد بلیدی صوبائی وزیرپلانگ اینڈ ڈویلپمنٹ، زمرک خان صوبائی وزیر خوراک اور ارکان بلوچستان اسمبلی حاجی محمد نواز کاکڑ، نصراللہ خان زیرے اورملک نصیر احمدشاہوانی سمیت دیگر سرکاری افسران شامل تھے۔ ملاقات میں بلوچستان سمیت ملکی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اوربین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور صوبوں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ دوران گفتگو پنجاب اور بلوچستان کے درمیان روابط اور وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی مضبوطی میں ہی عوامی مسائل کا حل مضمر ہے، عوام کی ترقی کا سفر جاری رہنا چاہئے، عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے تمام صوبوں کو ساتھ مل کر خصوصی اقدامات کرنے ہوں گے۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بلوچستان اختر حسین لانگو نے تاریخی قانون سازی پر سپیکر پنجاب اسمبلی کو خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بلوچستان اختر حسین لانگو نے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان کے فعال ہونے پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو مبارک باد دی۔ وفدنے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان کا دورہ بھی کیا۔ ملاقات میں ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔

Share