ہمارا تن من دھن خاتم النبین حضرت محمد ﷺپر قربان، ہم نے ہر دور میں تقدیس رسالت کی خاطر وقت کی تیز ہواؤں سے بغاوت کی ہے، ہمیں خاتم النبین حضر ت محمد ﷺ کی توہین کسی صورت برداشت نہیں: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی
June 6, 2022
Featured, News, Urdu News
317 Views
بی جے پی رہنماؤں کے توہین آمیز بیانات سے عرب دنیا کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں، عرب ممالک فوری طور پر انڈین مصنوعات کا بائیکاٹ کریں اور ان کی لیبر کو واپس بھیج دیں، ہندوستان کی اس قبیح حرکت سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے، مودی حکومت کی مسلمانوں کے خلاف نفرت دنیا پر عیاں ہے: مونس الٰہی
لاہور(02مئی2022) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے بی جے پی رہنماؤں کی خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخانہ بیانات کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ توہین رسالت کے مرتکب کو جب تک سزا نہیں دی جاتی تب تک مسلمان اپنا احتجاج جاری رکھیں گے، ہمارا تن من دھن خاتم النبین حضرت محمد ﷺپر قربان ہے، ہم نے ہر دور میں تقدیس رسالت کی خاطر وقت کی تیز ہواؤں سے بغاوت کی ہے، ہمیں خاتم النبین حضر ت محمد ﷺ کی توہین کسی صورت برداشت نہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بی جے پی رہنماؤں کے توہین آمیز بیانات سے عرب دنیا کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں، خصوصاً یو اے ای اور دیگر عرب ممالک کو چاہئے کہ فوری طور پر انڈین مصنوعات کا نہ صرف بائیکاٹ کریں بلکہ ان کی لیبر کو واپس بھیج دیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمان، سکھ، عیسائی سمیت تمام اقلیتیں ہندو انتہا پسندی کا شکار ہیں، ہندوتوا کی وجہ سے بھارت میں انتہا پسندی اپنے عروج پر ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے توہین آمیز بیانات کا او آئی سی اور اقوام متحدہ فوری نوٹس لیں، بی جے پی کے توہین آمیز بیان نے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا کہ گستاخانہ بیانات کو روکا نہ گیا تو عالمی سطح پر نفرت پھیلنے کا خدشہ ہے، ہندوستان کی اس قبیح حرکت سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے، تمام مسلم ممالک کو انڈیا کا بائیکاٹ کرنا چاہئے، مودی حکومت کی مسلمانوں کے خلاف نفرت دنیا پر عیاں ہے۔
