سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر ارکان اسمبلی نے فوری طور پر ڈی جی خان پہنچ کر سیلاب کی صورتحال پر امدادی سرگرمیاں تیز کر دیں
July 26, 2022
Featured, News, Urdu News
203 Views
ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان اور ضلعی انتظامیہ اپنے دفاتر سے باہر نکلیں اور فوری طور پر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے فعال ہوں: چودھری پرویزالٰہی
سیاست عبادت ہے اگر لوگوں کی خدمت کی جائے، فوری طور پر سیلاب زدگان کو کھانا، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء پہنچائیں: سپیکر پنجاب اسمبلی کی ارکان اسمبلی کو ہدایت
لاہور(26جولائی2022) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر ارکان اسمبلی فوری طور پر ڈیرہ غازی خان پہنچ گئے اور وہاں پر سیلاب کی صورتحال پر امدادی سرگرمیاں تیز کر دیں۔ انہوں نے ایم این اے محمد خان لغاری اور ارکان پنجاب اسمبلی سیف الدین کھوسہ اور جاوید لونڈ کو ڈی جی خان میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے خصوصی ہدایات دیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سیاست عبادت ہے اگر لوگوں کی خدمت کی جائے، آپ سب مل کر فوری طور پر سیلاب متاثرین کیلئے ڈی جی خان سیلاب زدگان کی مدد کریں، سیلاب میں گھرے متاثرین کو کھانا، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء فوری طور پر پہنچائیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان اور ضلعی انتظامیہ کو فون کیا اور کہا کہ اپنے دفاتر سے باہر نکلیں اور فوری طور پر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے فعال ہوں، پانی اترنے کے بعد وہاں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے جس کے تدارک کیلئے محکمہ صحت کے عملے کو بھی متحرک رہنا چاہئے۔
