Wednesday , October 5 2022
Home / Featured / پنجاب کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے دینے کا اعلان، وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اپنا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کیلئے وقف کر دیا

پنجاب کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے دینے کا اعلان، وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اپنا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کیلئے وقف کر دیا

لاہور29اگست: وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا، پنجاب کابینہ نے سیلاب متاثرین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ماہ کی تنخواہ متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اپنا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کیلئے وقف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا ہیلی کاپٹر مصیبت زدہ بہن بھائیوں کو ریلیف دینے کیلئے استعمال کیا جائے۔ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ دیگر صوبوں کی ضروریات پوری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخواہ کے سیلاب متاثرین کیلئے ادویات اور میڈیکل سٹاف بھجوائے گی، بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخواہ کے سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں، پنجاب حکومت مشکل کی گھڑی میں دیگر صوبوں کے ساتھ بھی کھڑی ہے۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور میانوالی کے سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں بارشوں و سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔ پنجاب کابینہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے ریلیف کی سرگرمیو ں کو منظم انداز میں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ضرورت کے مطابق ٹینٹ، فوڈ ہیمپرز اور دیگر ضروری سامان مہیا کیا جائے گا، گھروں، فصلوں اور لائیو سٹاک کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی ازالہ کریں گے اور ہر حقدار کو اس کا حق دیا جائے گا کسی کی حق تلفی نہیں ہو گی۔ پنجاب کابینہ نے بارشوں اور سیلاب سے آبپاشی کے انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کی تعمیر و مرمت کیلئے 4 ارب روپے کے خصوصی فنڈز کے اجراء کی بھی منظوری دی۔ کابینہ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان ضلع میں سرکاری اراضی کی نیلامی کے عمل کو کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے پرائیوٹائزیشن کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کمیٹی تمام امور کاجائزہ لے کر اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ کابینہ نے نکلسن روڈ کو سابق سینئر سیاستدان نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دی۔ پی ایس ڈی پی/ اے ڈی پی فنڈڈ پروگرام برائے اصلاح کھالہ جات کے فیز ٹو کے سٹاف کا معاملہ کمیٹی کے سپرد کرنے اور ایل ڈی اے ٹربیونل کے صدر منصور احمد خان کے عہدے میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرری کیلئے نئی سرچ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی، سرچ کمیٹی کے کنونیئر شفقت محمود ہوں گے۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ایپلٹ ٹربیونل کی چیئرپرسن اور جوڈیشل ممبرز کی تعیناتی اور پنجاب اسمبلی کے 5 ویں پارلیمانی سال 2022-23 کے سالانہ کیلنڈر کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پنجاب پبلک سروس کمیشن برائے سال 2021 کی سالانہ رپورٹ کی منظوری دی۔ اجلاس میں صوبائی محتسب پنجاب کی سالانہ رپورٹ 2021ء کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کابینہ کے پہلے اجلاس میں تشکیل دی جانے والی کابینہ سٹینڈنگ کمیٹیوں کی از سر نو تشکیل کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کابینہ کے پہلے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ کابینہ کو سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

Check Also

Women parliamentarians call on CM Ch Parvez Elahi

Lahore, October 04: Chief Minister Punjab Chaudhry Parvez Elahi has said the political role of …