Wednesday , December 7 2022
Home / Featured / وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے100ارب روپے کے پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغازکردیا

وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے100ارب روپے کے پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغازکردیا

وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کی شادمان مارکیٹ میں احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت رجسٹرڈ ہونیوالے بسم اللہ جنرل سٹورآمد، سابق وفاقی وزیرمونس الٰہی بھی ہمراہ
وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کو پنجاب احساس راشن پروگرام کے بارے میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی بریفنگ، پروگرام کی جزیات سے آگا ہ کیا
احساس پروگرام کو پوری دنیا میں تسلیم کیاگیا ہے، غریب آدمی کو ریلیف دیناعمران خان کا ویژن ہے: وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی
زرداری سے کافی عرصہ ہوا کوئی رابطہ نہیں ہوا، ایک بھی پکڑا گیا تو اس ٹولے کے باقی لوگ خود بھاگ جائینگے
وفاقی حکومت سارے افسر بھی لے جائے، پھر بھی پنجاب چلتا رہے گا اور اب بھی پنجاب بہترین چل رہا ہے
روڈاکی اراضی پر قبضہ کرنیوالوں کو نہیں چھوڑینگے، پرانے قبضہ گروپوں کو کیفر کردارتک پہنچائینگے، حکومت اراضی واگزار کرائے گی
عمران خان کیخلاف مقدمے بنانے سے کچھ نہیں ہوگا، جتنے مرضی مقدمے بنالیں، خود شرمندہ ہونگے: میڈیا سے گفتگو
صوبے بھر کے تمام اضلاع میں کم آمدن والے گھرانوں کی رجسٹریشن کاآغاز کردیا، رجسٹریشن بہت آسان ہے، اینڈرائیڈفون ضروری نہیں
خاندان کے سربراہ ٹول فری نمبر 8123 پر شناختی کارڈ نمبربھیج کر رجسٹریشن 2ہفتے تک رجسٹریشن کرا سکتے ہیں: ڈاکٹر ثانیہ نشتر
لاہور 2 اکتوبر: وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے100ارب روپے کے پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغاز کردیا۔ پنجاب احساس پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، مشیر عمر سرفراز چیمہ بھی ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے شادمان مارکیٹ میں احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت رجسٹرڈ ہونے والے بسم اللہ جنرل سٹورسے پنجاب احساس راشن پروگرام کا آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کو پنجاب احساس راشن پروگرام کے بارے میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے تفصیلی بریفنگ دی اور پروگرام کی جزیات سے آگا ہ کیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبے کے 80لاکھ خاندانوں کیلئے 100ارب روپے کی خطیر رقم سے احساس راشن رعایت پروگرام شروع کیاہے۔ پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو آٹا، دالیں، کوکنگ آئل اور گھی 40فیصدتک سستا ملے گا۔ مستحق خاندان رجسٹرڈ کریانہ سٹور زسے40فیصد رعایت پر آٹا، گھی، تیل اور دالیں خرید سکیں گے۔ مزید اشیاء خوردونوش کو پروگرام میں شامل کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ احساس پروگرام ہمارے لیڈر عمران خان کا ویژن ہے۔ احساس پروگرام کا دائرہ کار گلی محلے تک وسیع کریں گے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ غریب طبقے کیلئے 40فیصد کی رعایت بہت بڑی رعایت ہے۔ سیلاب سے متاثرہ تین اضلاع میں بھی متاثرین کو اس پروگرام میں رجسٹرڈ کرایاگیا ہے۔ پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام سے سیلاب متاثرین کو بھی بہت فائدہ پہنچے گا۔ ایک گھنٹے میں 80ہزار لوگوں نے اس پروگرام کے حوالے سے رسپانس دیا ہے۔ ہزاروں خاندانوں نے پروگرام کے تحت رجسٹریشن کرائی۔ رجسٹریشن کا عمل 2ہفتے تک جاری رہے گا۔ احساس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات محنت کرنے پرثانیہ نشتر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی کا فائدہ عام آدمی کو پہنچتا ہے۔ ابتدائی طورپر پنجاب حکومت نے سو ارب روپے اس پروگرام کیلئے رکھے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر اس رقم میں مزید اضافہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ احساس پروگرام کو پوری دنیا میں تسلیم کیاگیا ہے۔ غریب آدمی کو ریلیف دیناعمران خان کا ویژن ہے، جسے ہم نے عملی جامہ پہنایا ہے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وفاقی حکومت جھوٹے کیس بنانے کے فضول کام میں لگی ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس بالکل صحیح ہے۔ رانا ثناء اللہ کوماڈل ٹاؤن کیس میں عمر قیدہونی ہے۔ رانا ثناء اللہ صرف بڑھکیں مارتا پھرتا ہے، اس نے ایسے پکڑے جانا ہے کہ پھربھاگنے کاراستہ نہیں ملے گا۔ پرویزالٰہی نے بتایا کہ (ن) لیگ کے ساتھ 22برس سیاست کی ہے، ان کی رگ رگ سے واقف ہوں۔ ان لوگوں کو صرف جھوٹے کیس بنانا آتے ہیں اس میں یہ پہلے بھی ناکام ہوئے ا ور اب بھی ناکام ہیں۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ سب بڑھکیں مارتے ہیں، نہ کچھ کرسکتے ہیں نہ کچھ ان سے ہوتا ہے۔ ان لوگوں نے کسی غریب آدمی کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ آصف علی زرداری سے کافی عرصہ ہوا کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ ایک بھی پکڑا گیا تو اس ٹولے کے باقی لوگ خود بھاگ جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت کا فوکس عام اور غریب آدمی کی فلاح ہے۔ ہمارااحساس پروگرام عام آدمی کی فلاح وبہبود کا پروگرام ہے۔ احساس پروگرام میں بھی وی آئی پی عام آدمی ہے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف جتنے مرضی مقدمے بنالیں یہ خود شرمندہ ہوں گے۔ عمران خان کے خلاف مقدمے بنانے سے کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کاتجربہ صرف جھوٹے کیس بنانے میں ہے، عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سارے افسر بھی لے جائے، پھر بھی پنجاب چلتا رہے گا اور اب بھی پنجاب بہترین چل رہا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ صوبہ کس طریقے سے چلانا ہے۔ ریورراوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ہمارا فلیگ شپ پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ روڈا کی اراضی پر قبضہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ پرانے قبضہ گروپوں کو کیفر کردارتک پہنچائیں گے۔ حکومت پنجاب کی اراضی کا قبضہ واگزار کرائیں گے اور قبضہ مافیاء کو انجام تک پہنچایاجائے گا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں مستحق اور کم آمدن والے گھرانوں کی رجسٹریشن/انرولمنٹ کاآغاز کردیا گیا ہے۔ رجسٹریشن کا عمل بہت آسان رکھاہے تاکہ لوگوں کو کوئی دشواری نہ ہو۔ رجسٹریشن 2ہفتے جاری رہے گی۔ کم آمدن والے خواہش مند خاندان کے سربراہ ٹول فری نمبر 8123 پر اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر Sendکر کے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احساس پنجاب کی ویب پورٹل پر جا کر بھی رجسٹریشن کرائی جاسکتی ہے۔ مستحق لوگوں کے پاس اینڈرائیڈ فون ہونا ضروری نہیں، ایس ایم ایس بھیج کر فوری طورپر رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔

Check Also

Gujranwala Chamber of Commerce and Industry delegation calls on CM Chaudhry Parvez Elahi

LAHORE, Dec 6: The delegation of the Gujranwala Chamber of Commerce and Industry met with …