وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کا گوجرانوالہ کو لاہور سیالکوٹ موٹر وے سے لنک کرنے کا اعلان
December 6, 2022
Featured, News, Pictures, Urdu News
79 Views
گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس موٹر وے گوجوانوالہ لنک پراجیکٹ کیلئے حکومت پنجاب کو پارٹنر شپ کی پیشکش
سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ دیگرشہروں کو بھی لنک کیا جائے، نئی انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کا بھی جائزہ لیں گے
گوجرانوالہ کے شہریوں اور صنعتکاروں کو اپنی پروڈکٹس دیگر شہروں تک لے جانے میں آسانی ہوگی: پرویزالٰہی
وزیراعلیٰ چودھری پرویزا لٰہی اور مونس الٰہی سے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کی ملاقات، حسین الٰہی بھی موجود تھے
لاہور 6دسمبر: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے آج وزیراعلیٰ آفس میں گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی۔ ایم این اے حسین الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے گوجرانوالہ کو لاہور سیالکوٹ موٹر وے سے لنک کرنے کا اعلان کیااور کہا کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے سے مواصلاتی رابطہ ہونے سے گوجرانوالہ کے شہریوں کو بے پناہ سہولت ملے گی۔ صنعتکاروں کو اپنی پروڈکٹس دیگر شہروں تک لے جانے میں آسانی ہوگی۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ دیگرشہروں کو بھی لنک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے کا منصوبہ سابقہ دور میں بنایا۔ بدقسمتی سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس منصوبے کو تبدیل کیا جس سے لاگت میں اضافہ ہوا اور کئی شہرموٹر وے سے لنک نہ ہوسکے۔ گوجرانوالہ میرا اپنا شہر ہے، جلد دورہ کرونگا۔ انہوں نے کہا کہگوجرانوالہ کے شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ گوجرانوالہ کے صنعتکاروں کیلئے نئی انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کا بھی جائزہ لیں گے۔ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے لاہور سیالکوٹ موٹر وے کے گوجوانوالہ لنک کے منصوبے کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ پارٹنر شپ کی پیشکش کی۔ وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس منصوبے کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ مالی معاونت کیلئے تیار ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی کے کام بولتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے ریسکیو 1122جیسا مثالی ادارہ بنا کرپنجاب کے عوام کے دل جیتے ہیں۔ ہم لاہور سیالکوٹ موٹر وے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے اعلان پر چودھری پرویزالٰہی کے شکرگزار ہیں۔ وفد میں علی اشرف، گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل ایوب، سابق صدر عمر اشرف مغل، سابق صدرملک ظہیرالحق، شیخ عرفان سہیل، انور اسلم اور دیگر شامل تھے۔ ارکان پنجاب اسمبلی خواجہ داؤد سلیمانی اور عمر فاروق بھی موجود تھے۔

