Sunday , February 5 2023
Breaking News
Home / Featured / شہبازشریف15سال وزیراعلیٰ رہا، عوام کیلئے ایک بھی پائیدار کام نہیں کیا، آشیانہ بنایا اور اس میں بھی پکڑا گیا: چودھری پرویزالٰہی

شہبازشریف15سال وزیراعلیٰ رہا، عوام کیلئے ایک بھی پائیدار کام نہیں کیا، آشیانہ بنایا اور اس میں بھی پکڑا گیا: چودھری پرویزالٰہی

شرم الشیخ میں جاکر بھی شہبازشریف کو شرم نہ آئی اور وہاں بھی مانگنا شروع کردیا اور کہا کہ میں مانگنے تو نہیں آیا لیکن مجبوری بہت ہے
شریف خاندان 30برس سے حکمرانی کررہا ہے، انہوں نے عوام کے بارے میں ذرا نہیں سوچا، یہ صرف اپنا پیٹ بھرتے ہیں
کچھ لوگ داؤ لگا کر بیٹھے ہیں اور کچھ جال بچھا کر، عمران خان نے عوام میں اتنا شعور بیدار کردیا ہے، اب کوئی مچھلی نظر نہیں آئیگی
یہ لوگ باہر جہاں بھی جاتے ہیں تو چورچور کے نعرے لگتے ہیں، ان سے کھانا کھایا جاتا ہے نہ شاپنگ کی جاتی ہے اور بھاگ جاتے ہیں
پہلی مرتبہ الیکشن 1977میں لڑا، تب سے ہر حکومت نے ہمارے احتساب کا شوق پورا کیاہے، خود احتسابی کی آواز اندر سے آتی ہے
اینٹی کرپشن نے238ارب روپے ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کرائے، مبارکباد دیتا ہوں
اینٹی کرپشن کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرینگے، وزیراعلیٰ کاالحمراء میں انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کی تقریب سے خطاب
لاہور 9دسمبر: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ شریف خاندان سمیت شہبازشریف نے کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا۔ شہبازشریف15سال وزیراعلیٰ رہا، صوبے کے عوام کی فلاح کیلئے ایک بھی پائیدار کام نہیں کیا۔ میں نے ریسکیو1122اوردیگر ادارے بنائے، جو آج بھی عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ شہبازشریف نے آشیانہ بنایا اور اس میں بھی پکڑا گیا۔ شرم الشیخ میں جاکر بھی شہبازشریف کو شرم نہ آئی اور وہاں بھی مانگنا شروع کردیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ میں مانگنے تو نہیں آیا لیکن مجبوری بہت ہے۔ ہمیں تو ڈر تھا یہ کہیں ان سے واپسی کا ٹکٹ بھی نہ مانگ لے۔ وہ آج الحمراء میں انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ شریف خاندان 30برس سے حکمرانی کررہا ہے۔ شریف خاندان نے عوام کے بارے میں ذرا نہیں سوچا۔ یہ خا ندان صرف اپنے ہی بارے میں سوچتا ہے اور اپنا پیٹ بھرتے ہیں۔ کہتے ہیں ہم نے دھیلے کی کرپشن نہیں کی، بھائی دھیلا ہوتا کیاہے۔ ان کے اپنے لوگ کہتے ہیں، یہ سب کچھ خود کرتے ہیں اور ہمیں کرپشن کرنے دیتے ہیں نہ ہم تک کرپشن آنے دیتے ہیں۔ میں ان کے ساتھ 15برس رہا، سب کو اچھی طرح جانتا ہوں۔ اب کچھ لوگ داؤ لگا کر بیٹھے ہیں اور کچھ جال بچھا کربیٹھے ہیں۔ ہمارے قائد عمران خان نے عوام میں اتنا شعور بیدار کردیا ہے کہ اب کوئی مچھلی نظر نہیں آئے گی۔ یہ لوگ باہر جہاں بھی جاتے ہیں تو چورچور کے نعرے لگتے ہیں۔ سٹور پر جائیں یا ریسٹورنٹ میں کھانے پرلوگ چور چورپکارتے ہیں۔ ان سے کھانا کھایا جاتا ہے نہ شاپنگ کی جاتی ہے۔ یہ لوگ شاپنگ اور کھانا چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں۔ پی ٹی آئی نے ان لوگوں کا بہترین حل ڈھونڈا ہے، جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا ہر حکومت نے احتساب کیا ہے۔ 1977میں پہلی مرتبہ الیکشن لڑا، تب سے ہر حکومت نے ہمارے احتساب کا شوق پورا کیاہے۔ خود احتسابی کی آواز اندر سے آتی ہے۔ اندر سے آواز آئیگی اور اللہ کا خوف ہوگاتو بدعنوانی خود کم ہوگی۔ جب اللہ کا ہاتھ اوپر آجاتا ہے توکرپشن کرنے والا ہاتھ رک جاتا ہے اور آپ کے ہر کام میں برکت پڑتی ہے۔ کرپشن کے خلاف جہاد ہمارے ایمان کا حصہ ہونا چاہئے۔ ایمان مضبوط ہوتو کرپشن کا سوچا ہی نہیں جاسکتااورپھر اینٹی کرپشن جیسے اداروں کی ضرورت نہیں پڑتی۔ انہوں نے کہاکہ اینٹی کرپشن سے متعلقہ قوانین پرانے ہوچکے ہیں، ان کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ پنجاب حکومت ان قوانین کو بہتربنانے کیلئے پوری سپورٹ دے گی۔ جہاں ضرورت ہوئی قانون سازی کی جائے گی اور خامیوں کو دورکریں گے۔ ضرورت پڑی تو عدلیہ کے ساتھ بھی مشاورت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے قائد عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں اصلاحات کا ایجنڈا لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہر روز کوشش ہوتی ہے کہ عام آدمی اور ان کے بچوں کی فلاح کیلئے کوئی قابل ذکر کام کروں۔ خود احتسابی کوہمیں اپنی زندگیوں پر لاگو کرنا ہوگا۔ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور انہوں نے کرپشن کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ کرپشن کے خاتمے اور خود احتسابی کے ذ ریعے ہی پاکستان آگے بڑھے گا۔ نا امیدی گناہ ہے، ہم محنت اور کوشش کرتے رہیں، اللہ تعالیٰ برکت ڈالے گا۔ پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوگا۔ صوبائی مشیر بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اینٹی کرپشن نے238ارب روپے ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کرائے، جو ان کی محنت اور بہترین حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ اینٹی کرپشن کے ادارے نے فرض شناسی کی اچھی مثال قائم کی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اینٹی کرپشن کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا اور کہاکہ اینٹی کرپشن کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اینٹی کرپشن کے افسروں اور عملے میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کے حوالے سے الحمراء میں واک کی قیادت کی۔ صوبائی مشیربرائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ صوبائی مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ، صوبائی مشیر عامر سعید راں، صوبائی مشیر رفاقت گیلانی، معروف دانشوروشاعرامجد اسلام امجد، ڈی جی اینٹی کرپشن اسٹبلیشمنٹ، سیکرٹری اطلاعات اور دیگرحکام نے تقریب میں شرکت کی۔

Check Also

Under nose of government terrorism is raising its head again, they are only worried about crushing opponents: Imran Khan

PDM and Shehbaz Sharif have nothing for providing relief to people, after incompetency, government also …