Friday , February 3 2023
Breaking News
Home / Featured / وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی ملاقات

وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی ملاقات

کورونا کی ساتویں لہر کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کا آغاز کر رہے ہیں، آفات کی پیشگی اطلاع کا سسٹم نصب کرینگے: چودھری پرویزالٰہی
ارلی وارننگ سسٹم نصب ہونے سے سیلاب کے نقصانات اور تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے بروقت اقدامات ممکن ہوں گے
مری اور دیگر مقامات پر برفباری کے دوران خصوصی انتظامات کئے، چین سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ جائے گی: وزیراعلیٰ
پنجاب کا سیلاب میں ریسکیو اور ریلیف پلان قابل تحسین، 1122 نے سیلاب کے دوران قابل قدر خدمات سرانجام دیں: چیئرمین این ڈی ایم اے
پنجاب احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد پر ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ
لاہور 30 دسمبر: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی۔ پنجاب احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کورونا کی ساتویں لہر کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کا آغاز کر رہے ہیں۔ سیلاب، امراض اور آفات کی پیشگی اطلاع کا سسٹم نصب کریں گے۔ 3 مقامات پر آفات کی پیشگی نشاندہی کیلئے ارلی وارننگ سسٹم نصب کئے جا رہے ہیں۔ ارلی وارننگ سسٹم نصب ہونے سے سیلاب کے نقصانات اور تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے بروقت اقدامات ممکن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ پنجاب نے اپنے وسائل اور ٹیلی تھون سے جمع شدہ عطیات کے ذریعے متاثرین کو امداد دی۔ سیلاب متاثرین میں 5 ارب روپے سے زائد تقسیم ہو چکے ہیں اور 36 ہزار متاثرہ خاندانوں کو ادائیگی مکمل کی جا چکی ہے۔ گھروں کی تعمیر کیلئے بھی سیلاب متاثرین کی مالی معاونت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل اور عمران خان کی ٹیلی تھون سے جمع ہونے والی رقم سے سیلاب متاثرین کی آبادکاری کی ہے۔ 55 ہزار سے زائد مکمل اور جزوی طور پر تباہ شدہ گھروں کی تعمیر جاری ہے۔ پنجاب میں سیلاب کے بعد سب سے پہلے راجن پور پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ پنجاب حکومت نے سندھ کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ایک ارب روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مری اور دیگر مقامات پر سیاحوں کی سہولت کیلئے بارش اور برفباری کے دوران خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ بیرون ملک خاص طور پر چین سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کی جائے گی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا سیلاب میں ریسکیو اور ریلیف پلان قابل تحسین ہے۔ ریسکیو 1122 کے ادارے نے سیلاب کے دوران قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے قدرتی آفات سے 30، 40 دن پہلے پیشین گوئی ممکن ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی مستقل صورت اختیار کر رہی ہے، ہمیں خود کو تیار رکھنا ہوگا۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) اسداللہ خان، قائم مقام سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نوید شیرازی، ڈی جی ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Check Also

I don’t know on what agenda this caretaker government has come, our close associates are being targeted and picked up: Ch Parvez Elahi

Ch Parvez Elahi strongly condemns the kidnapping of senior lawyer Amir Saeed Rawn by some …