Friday , February 3 2023
Breaking News
Home / Featured / وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کردیا

تاریخ میں عمران خان کی قیادت میں اسمبلی میں سب سے زیادہ قانون سازی ہوئی، دین کی خدمت عمران خان اور ہمارا اعزاز ہے
ہم نے اچھے کاموں میں اپوزیشن کو شامل کیا لیکن ن لیگ والے غلط کاموں کے ماہر اور بادشاہ ہیں: چودھری پرویزالٰہی
یہ 5، 10برس کے بعد آتے ہیں اور پچھلی ساری تباہی کر کے چلے جاتے ہیں، ن لیگ کی ٹرین تباہی اور بربادی کی ٹرین ہے
ہمارے بھاگے ہوئے ڈپٹی سپیکر اور ن لیگ کے کرتا دھرتا کے کہنے پر پنجاب اسمبلی میں پولیس آئی، غنڈوں نے آکر اسمبلی میں ہنگامہ کیا
اسمبلی کے اندر پولیس کے گھسنے کا واقعہ کسی صورت نہیں بھلایا جا سکتا، یہ تاریخ کا سیاہ باب اور ن لیگ کے چہرے پر بدنما داغ ہے
ہم نے ہمیشہ بھائی چارے کی فضا اور اچھی سیاسی روایات قائم کی ہیں، بد قسمتی سے ہمارے مخالفین نے ہماری اچھی روایات کو تباہ کیا
اگر کوئی اچھی روایات کو فالو نہیں کرتا تو سیاستدان بدنام ہوتے ہیں، وزیراعلیٰ کا نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب
لاہور2 جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے آج پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے نئی عمارت کے افتتاح کے بعد دعا کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں بھائی چارے کی سیاست کو فروغ دیا۔ ہم نے اچھے کاموں میں اپوزیشن کو شامل کیا لیکن ن لیگ والے غلط کاموں کے ماہر ہیں۔ برے کاموں کے تو ن لیگ والے خود ہی بادشاہ ہیں، انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا اور انہیں کوئی روکنے والا بھی نہیں ہے۔ 5، 10برس کے بعد یہ آتے ہیں اور پچھلی ساری تباہی کر کے چلے جاتے ہیں۔ یہ جہاں ٹرین چھوڑتے ہیں اسی سٹیشن سے آکر دوبارہ ٹرین پکڑتے ہیں۔ ن لیگ کی ٹرین تباہی اور بربادی کی ٹرین ہے۔ جس طرح قیام پاکستان کے وقت آخری ٹرین آئی تھی جو آدھی کاٹی ہوئی تھی، اس طرح کی ٹرین ہے ن لیگ کی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں عمران خان کی قیادت میں پنجاب اسمبلی میں سب سے زیادہ قانون سازی ہوئی ہے۔ دین کی خدمت کے لئے قانون سازی عمران خان، پی ٹی آئی اور ہمارا اعزاز ہے۔ دنیا کی بے شمار اسمبلیاں 300 برس میں بنی ہیں لیکن کسی بھی اسمبلی میں پولیس نہیں گھسی۔ برٹش اسمبلی ویسٹ منسٹر میں ایک دفعہ ایک قتل ہوا تھاجو ایک بد نما داغ بن گیا تھا۔ ہمارے ہاں قتل تو نہیں ہوا لیکن اس سے کم نہیں ہوا۔ ہمارے بھاگے ہوئے ڈپٹی سپیکر اور ن لیگ کے کرتا دھرتا کے کہنے پر پنجاب اسمبلی میں پولیس آئی۔ کبھی پولیس اسمبلی کے اندر آ ہی نہیں سکتی اور اس طرح آکر حملہ آور نہیں ہو سکتی۔ اس حملے کی آڑ میں ن لیگ کے پرائیویٹ ورکراور غنڈوں نے آکر اسمبلی میں اودھم مچایا اور خواتین کو زخمی کیا۔ ایک رکن اسمبلی آسیہ بی بی شدید زخمی ہوئیں، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وہ صحت یاب ہوئیں۔ پنجاب اسمبلی کے اندر پولیس کے گھسنے کا واقعہ کسی صورت نہیں بھلایا جا سکتا۔ پنجاب اسمبلی میں پولیس کا گھس آنا اور ہنگامہ آرائی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا واقعہ ن لیگ کے چہرے پر بدنما داغ ہے اور یہ تاریخ کا حصہ رہے گا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ وزارت اعلیٰ کے منصب کے لئے اللہ تعالیٰ نے راہ ہموار کی۔ اللہ تعالیٰ نے لا کر بٹھا دیا، خدمت کا موقع ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ ترقی کی ٹرین جہاں چھوڑی تھی دوبارہ وہی سے آکر چلائی ہے۔ اسمبلی کی نئی عمارت کی تکمیل کیلئے 10/15 سال انتظار کرنا پڑا۔ کام ہو تو شکر ادا کرتے ہیں، نہ بھی ہو تو شکرمیں کمی نہیں آتی۔ مجھے کیا پتہ تھا کہ اللہ تعالیٰ وزارت اعلیٰ کا منصب عطا کرے گا۔ 1938 میں پنجاب اسمبلی کی پرانی عمارت بنی، سپیکر بنا تو پہلے مسجد بنوائی۔ اسمبلی کی نئی عمارت کا سنگ بنیا د رکھا اور افتتاح کا اعزاز بھی اللہ نے عطا کیا۔ اسمبلی کی نئی عمارت کے لئے چیف آرکیٹیکٹ زارا کا ڈیزائن منتخب ہوا۔ این سی اے کی ٹیم نے سٹیٹ آف دی آرٹ گنبد بنوایا۔ ترک ماہرین نے اسمبلی کی نئی بلڈنگ کے گنبد کو عجوبہ قرار دیا۔ اسمبلی کی نئی عمارت اہم نہیں، قانون سازی اہمیت کی حامل ہے۔ ختم نبوتﷺ، ناظرہ اور ترجمہ قرآن، متحدہ علما بورڈ اور ختم نبوتﷺ یونیورسٹی ایکٹ پاس کرائے۔ خاتم النبین ﷺیونیورسٹی میں دینی علوم کے بارے میں چھپنے والی کتابیں مہیا کریں گے۔ 1122، ایمرجنسی میں مفت ادویات، ڈاکٹروں کی تین گنا تنخواہ اور جوبلی ٹاؤن ڈینٹل انسٹی ٹیوٹ کے ایکٹ بھی پاس کرائے گئے۔ جنوبی پنجاب میں بچیوں کا سکالر 100 فیصد بڑھا دیا گیا۔ پبلک ڈیفینڈر ایکٹ کے تحت سپریم کورٹ تک عوام کو مفت لیگل ایڈ فراہم کریں گے۔ اسمبلی میں جتنے اچھے کام ہوں گے وہی ہمارا کریڈٹ ہو گا۔ 10 سال تک اسمبلی کے نئے بلاک کی تعمیر میں رکاوٹیں کھڑی کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ اچھی سیاسی روایات کو قائم نہ رکھنا بدقسمتی ہے۔ ہم نے ہمیشہ بھائی چارے کی فضا اور اچھی سیاسی روایات قائم کی ہیں۔ بد قسمتی سے ہمارے مخالفین نے ہماری اچھی روایات کو تباہ کیا۔ اگر کوئی اچھی روایات کو فالو نہیں کرتا تو سیاستدان بدنام ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے سپیکر پنجاب اسمبلی سردار محمد سبطین خان، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ محمد خان بھٹی، آئی جی عامر ذوالفقار، سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک، سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین، سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل، پریس سیکرٹری وزیر اعلیٰ محمد اقبال چودھری، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی زینب عمر، ارونا زارا، جی ایم سکندر، ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری، رائے ممتاز بابر، عاصم نواز چیمہ، زبیر لطیف، اسد ڈھلوں، ڈاکٹر عابد بودلہ، عمر سعید، ایکسیئن مریم راٹھور، عمیر مقصو د، زبیراحمد، جواد حسن، یاسر کیانی اور دیگر کو حسن کارکردگی شیلڈز دیں۔ تقریب سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور صوبائی وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے بھی خطاب کیا۔ سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، سردار حسنین بہادر دریشک، سردار آصف نکئی، سردار شہاب الدین، غضنفر عباس چھینہ، مرادراس، دیگر وزراء، ارکان اسمبلی، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، انسپکٹر جنرل پولیس عامر ذوالفقار، سابق پرنسپل سیکرٹری جی ایم سکندر، سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک، ڈی جی پروٹوکول پنجاب عنصرنذیر اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے باقاعدہ افتتاح کے بعد کہا کہ نئی اسمبلی میں اگلے 100سال کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے500ارکان کی گنجائش موجود ہے۔ 200افراد کیلئے Ayes Lobby اور 200افراد ہی کے لئے Noes Lobby بنائی گئی ہے۔ سپیکر چیمبر افسران، میڈیا اور وزیٹرز کیلئے 800افراد تک کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی اسمبلی میں وزیراعلیٰ، سپیکر، ڈپٹی سپیکر، وزراء اور لیڈر آف اپوزیشن کیلئے سیکرٹریٹ بلڈنگ میں دفاتر بنائے گئے ہیں۔ 3کمیٹی روم اور ایک کانفرنس روم کے علاوہ لائبریری اور کیفے ٹیریا کی بھی سہولت موجو دہے۔ 400 گاڑیوں کی پارکنگ رکھی گئی ہے۔

Check Also

I don’t know on what agenda this caretaker government has come, our close associates are being targeted and picked up: Ch Parvez Elahi

Ch Parvez Elahi strongly condemns the kidnapping of senior lawyer Amir Saeed Rawn by some …