وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا کشمیری عوام کے حق خود ارادیت پر پیغام
January 5, 2023
Featured, News, Urdu News
104 Views
لاہور 5 جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان نے ایک قرارداد منظور کی جو جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کا مقصد عالمی برادری کو کشمیریوں کے حق خودارادیت دلانے کے وعدے کی جانب توجہ مبذول کرانا ہے۔ 74 برس سے کشمیری اس وعدے کے وفا ہونے کے انتظار میں ہیں۔ اقوام متحدہ کو اپنے اس عزم کا احترام کرنا چاہیے جو 74 سال پہلے کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت انسانی وقار کا ایک اہم جزو ہے۔ حق خود ارادیت کی قرارداد سے انحراف انسانی آزادی، انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے معاہدوں کی نفی ہے اور بھارت اس ناقابل تنسیخ انسانی حق کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرکے کشمیریوں کے تشخص کو مجروح کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ذریعے بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خوف اور افراتفری کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو بھارت کے اقدامات کے خلاف ایکشن لینا چاہیئے۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کا سب سے بڑا ملٹرائزڈ زون بنا دیا ہے جو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے جذبات کی ترجمانی کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ بھارت کو جان لینا چاہیئے کہ کوئی بھی دیوار آزادی کی خوشبو کو روک نہیں سکتی۔ آزادی کشمیریوں کا حق ہے اور انشاء اللہ کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔